پی آئی اے نے ایک اور سعودی شہر کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں شروع کر دیں

اگلے ماہ سے القصیم کے لیے پروازیں شروع ہونے سے حج اور عمرہ زائرین کو بہت فائدہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 اکتوبر 2020 12:54

پی آئی اے نے ایک اور سعودی شہر کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں شروع ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 اکتوبر2020ء) پاکستان سے ہر سال 16 سے 17 لاکھ کے قریب زائرین عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ لاکھوں پاکستانی فریضہ حج بھی ادا کرتے ہیں۔ پی آئی آے کی زیادہ تر عمرہ اور حج پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر ہی اُترتی ہیں۔ اس لیے ان دنوں میں یہاں بہت زیادہ رش ہوتا ہے جس سے زائرین کو کئی بار پریشانی سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔

تاہم پی آئی اے نے اب پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک اورسعودی شہر القصیم کے لیے پروازوں کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اُردو نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئر لائن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کر کے ان سے القصیم کے لیے پروازیں چلانے کی درخواست کی ہے۔

(جاری ہے)

اُمید ہے کہ درخواست کی منظوری کے بعد اگلے ماہ نومبر سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے مزید بتایا کہ پی آئی اے عمرہ اور حج زائرین کے لیے زیادہ تر جدہ ایئرپورٹ استعمال کرتی ہے جو کہ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ جبکہ حج اور عمرہ کے دنوں میں یہاں رش مزید بڑھ جاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں قصیم ایئرپورٹ پر جدہ ائیر پورٹ کے مقابلے میں رش کم ہوتا ہے ، یہاں سے پروازیں شروع ہونے پر پاکستانی زائرین کو بڑی سہولت ہو گی۔

جدہ ایئرپورٹ کی طرف جاتے ہوئے پرواز میقات کی حدود سے گزرتی ہے جس کی وجہ سے دورانِ پرواز ہی احرام باندھ لیا جاتا ہے۔تاہم القصیم کی پرواز میں دورانِ پرواز احرام باندھنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ یہ میقات کی حدود سے باہر ہے اور مکہ سے صرف ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ سعودی حکام کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اگلے ماہ سے القصیم کے لیے پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔