Live Updates

مسلط شدہ نااہل حکومت کی وجہ سےدہشتگردی نے پھر سراٹھا لیا، مریم نواز

آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشتگردی کی کمر توڑ دی تھی، لیکن اب ذمہ داروں کی توجہ امن کی بجائے اپوزیشن کو دبانے پر مرکوز ہے۔ مرکزی نائب صدر ن لیگ کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 27 اکتوبر 2020 16:34

مسلط شدہ نااہل حکومت کی وجہ سےدہشتگردی نے پھر سراٹھا لیا، مریم نواز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلط شدہ نااہل حکومت کی وجہ سے دہشتگردی نے پھر سراٹھا لیا ہے، آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشتگردی کی کمر توڑ دی تھی، لیکن اب ذمہ داروں کی توجہ امن کی بجائے اپوزیشن کو دبانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر پشاور مدرسہ میں دہشتگرد حملے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد سے جس دہشت گردی کی کمر ٹوٹی تھی اسی دہشت گردی نے آج مسلط شدہ نااہلی کی وجہ سے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ذمہ داروں کی توجہ اپنی ذمہ داریوں کی بجائے اپوزیشن کو دبانے پر مرکوز ہو تو ملک دشمنوں کی توجہ ملک کا امن برباد کرنے پر ہوتی ہے ۔ اس سے قبل مریم نواز نے مدرسے میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

(جاری ہے)

 مریم نواز کا کہنا تھا کہ  مدرسے میں ہونے والے دھماکے نے دل رنجیدہ کر دیا ہے۔ پھولوں کے شہر ایک بار پھر امن دشمنوں کے نشانے پر آ گیا۔

پشاور مدرسہ دھماکہ دل دہلا دینے والا واقع ہے۔ بالخصوص بچوں کو ہونے والے نقصان نے انتہائی رنجیدہ کردیا ہے۔ جن ماؤں کی گودیں اجڑ گئیں،ان کے دکھ کا تصور اور ازالہ ممکن نہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے اور اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کوصحت یابی عطا فرمائے۔آج پشاور کی دیر کالونی کے مدرسے میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید ہو گئے اورمدرسے میں زیر تعلیم 70 بچے زخمی ہو گئے ہیں۔

جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متعدد بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بچوں کے سر میں چوٹیں آئی ہیں۔مدرسے میں 100سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ جب کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں سیکیورٹی اداروں کے سربراہ شریک ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کےپی محمود خان نے کہا کہ تمام معاملات کی نگرانی خود کر رہا ہوں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات