قرآن و حدیث پڑھنے والے طلباء پر حملے کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ‘طاہر محمود اشرفی

پاکستانی قوم ، فوج اور سلامتی کے اداروں نے پہلے بھی ملک دشمن قوتوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ناکام بنائینگے ‘وزیراعظم کے معاون خصوصی

منگل 27 اکتوبر 2020 17:26

قرآن و حدیث پڑھنے والے طلباء پر حملے کرنے والے اسلام اور پاکستان کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) پشاور مدرسہ میں بم دھماکہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ، قرآن و حدیث پڑھنے والے طلبا پر حملے کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ، پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کی افغانستان کیلئے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں ،پاکستانی قوم ، فوج اور سلامتی کے اداروں نے پہلے بھی ملک دشمن قوتوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ناکام بنائیں گے ۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل اور معاون خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا محمد خان لغاری ، مولانا ابو بکر شاہ ، علامہ سجاد حیدر، علامہ اکبر ساقی،مولانا قاسم قاسمی، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا نائب خان ، مولانا شہباز ، مفتی حفیظ الرحمن ، مولانا ذوالفقار اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ اداروں کی طرف سے پاکستان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں ۔ بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کر رہا ہے جو مسلم اور عالمی دنیا میں دہشت گردی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات چاہتا ہے ۔ بھارتی خفیہ ادارے نے پاکستان میں فرقہ وارانہ لسانی فسادات اور پاکستان کی افواج کے خلاف مہم چلانے کی پلاننگ کر رکھی ہے جس کیلئے وہ سوشل میڈیا سمیت تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں امن نہیں چاہتا اور افغانستان کے امن کیلئے پاکستان کے کردار سے بھارت کے عزائم خاک میں مل رہے ہیں ۔ بھارت نے کروڑوں ڈالر دہشت گرد گروہوں میں تقسیم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ، فوج اور سلامتی کے اداروں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دی ہے اور آئندہ بھی شکست دیں گے۔دریں اثنا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قومی یکجہتی کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران فرانس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے خاکوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کے صدر نے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان فساد کروانے کی کوشش کی ہے حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک اور عالمی دنیا سے رابطے میں ہے ۔

پاکستان کی وزارت خارجہ وزیر اعظم کی ہدایات پر اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ مل کر موثر اور اجتماعی موقف اپنا رہی ہے۔ اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں ۔ اسلام ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مذمت کرتا ہے ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری کائنات کیلئے رحمت ہیں ۔ آزادی اظہار کا مطلب قطعی طور پر مقدسات کی توہین نہیں ہو سکتا۔