توہین رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کرنے والے ممالک کو بلیک لسٹ کیا جائے، حافظ طاہر مجید

فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے،، اقوام متحدہ فی الفور اسلام کے خلاف اس نفرت انگیز بیانیہ کا نوٹس لے

منگل 27 اکتوبر 2020 23:33

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ توہین رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کرنے والے ممالک کو بلیک لسٹ کیا جائے، فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے،ماضی میں بھی امریکہ،سویڈن، فرانس، ناروے میں توہین آمیز خاکے جاری کیے جاتے رہے، اقوام متحدہ فی الفور اسلام کے خلاف اس نفرت انگیز بیانیہ کا نوٹس لے۔

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے عالمی امن تباہ ہو سکتا ہے۔آزادی اظہار رائے کے نام پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں بند ہونی چاہئیں۔ فرانس ایک سیکولر ملک ہے۔فرانس نے بطور عیسائی ریاست کھل کر اسلام دشمنی اور صلیب کا جھنڈا بلند کرکے اپنی ذہنی پسماندگی اور اسلام دشمنی کا کھلا ثبوت پیش کیا ہے اس لیے پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو بھی ڈیڈھ اب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ،سفرا کی ملک بدری اور اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر سخت احتجاج کے ذریعے مغرب کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ اب یہ سلسلہ مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، مغرب میں اسلام کی مقبولیت اورتیزی سے پھیلنے کے نتیجے میں مغربی رہنماں کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے کہ وہ اسلام اور شعائر اسلام کے خلاف کھل کر سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

اوآئی سی کا لولا لنگڑا احتجاج اب کسی کام کا نہیں اس نازک اور اہم معاملے پر تمام مسلمان ممالک متفقہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے توہین رسالت کے گھنانے عمل کو عالمی جرم تسلیم کروائیں تاکہ آئندہ کسی شخص، گروہ یا ملک کو اس قسم کی ناپاک جسارت کرنے کی جرائت نہ ہوسکے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اس معاملے پر دلیرانہ موقف اختیار کرکے عالم اسلام کا جری اور بہادر لیڈر ہونے کا حق ادا کردیا ہے، مغرب کی ڈہٹائی اورمنافقت کی حد یہ ہے کہ خود کو سیکولر اور لبرل کہنے والا فرانس اور فرانسیسی صدر میکرون تنگ نظر اور صلیبی ٹولے کے رہنما بن چکے ہیں،مسلمانوں کے ردعمل کو تو قابل جرم قراردیا جارہا ہے لیکن جس جسارت کے نتیجے میں ردعمل پیدا ہوا اسے یکسر نظرانداز اور ریاستی طور پر بھرپور حمایت کی جارہی ہے،صدر میکرون کی انتہاپسندی خود مغرب اور فرانس کے لیے زہر قاتل ثابت ہوگی۔

فرانس کا یہ عمل بدتہذیبی کی انتہااور ڈیڈھ ارب مسلمانوں کے جذبات کی پامالی ہے۔ پاکستان میں بھی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا سرکاری اعلان کیا جائے۔