فرانسیسی صدر کے بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں : سردار مسعود خاں

خاکوں کے حوالے سے جو دنیا میں ماحول بنا ہوا ہے اس میں بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے،صدر آزادکشمیر

جمعرات 29 اکتوبر 2020 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خاں نے فرانسیسی صدر کے بیان کی پرزورمذمّت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں بین المذاہب ہم آہنگی کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا،بھارت کشمیریوں کا قتل صرف اس بنیاد پر کر رہا ہے کہ وہ مسلمان ہیں، پاکستان میں تمام اقلیتیں آزاد اور محفوظ ہیں،بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں نیشنل پیس کمیٹی کے زیر اہتمام ’بین المذاہب ہم آہنگی‘ کے موضوع پر انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی صدر جموں و کشمیر سردار مسعود خاں تھے، اس موقع پر مولانا محمد عاصم مخدوم،حاجی عامر رشید،فادر جیمز چنن اور تمام مذاہبِ سے تعلق رکھنے والے قائدین ، علماء ودیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاکوں کے حوالے سے جو دنیا میں ماحول بنا ہوا ہے اس میں بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، دنیا میں امن قائم رکھنے کیلئے ایک دوسرے کے مذہب کا احترام نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فرانسیسی صدر کے بیان کی پرزور مذمّت کرتے ہیں اس سے فرانس کو کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ الٹا نقصان ہوگا، بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ بھارت کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم صرف اس لیے کر رہا ہے کہ وہ مسلمان ہیں۔پیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نوجوانان پاکستان کے چیئرمن عبداللہ حمید گل کا کہنا تھا کہ فرانس کے ایسے اقدامات سے عالمی امن کو نقصان ہوگا، کیا خاکے بنا کر امن کی خدمت کی جاسکتی ہی ۔

اسلام تمام مذاہبِ کو ماننے والا مذہب ہے،فرانس ایسا کیوں کر رہا ہے کیا وہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ مسلمانوں میں جذبہ جہاد ختم تو نہیں ہوگیا۔ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہاکہ نیشنل پیس کمیٹی کے ارکان اسلام اور پاکستان کا خوبصورت چہرہ پیش کر رہے ہیں،پاکستان میں تمام اقلیتیں آزاد اور محفوظ ہیں ، دنیا میں امن کے قیام کیلئے ایک دوسرے کے مذہبِ کا احترام ضروری ہے،فرانس کی جانب سے خاکوں کی اشاعت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔حاجی عامر رشید خان، فادر جیمز چنن،سید محمود غزنوی،علامہ سید فرمان رضا عابدی،نائیجیریا کے پاسٹر نیکسن اورعلامہ زاہد الراشدی سمیت دیگر نے بھی پیس کانفرنس سے خطاب کیا۔