سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کو گرفتار کر لیا گیا

سید علی موسیٰ گیلانی کارکنان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کے لیے چہلیک تھانہ پہنچے تھے، پولیس نے انہیں بھی تھانے میں بٹھا لیا، تھانے کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان کا احتجاج، موسیٰ گیلانی کی رہائی کا مطالبہ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 25 نومبر 2020 19:01

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کو گرفتار ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 25 نومبر 2020ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کو گرفتار کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے احتجاج کرنے کے لیے تھانہ چہلیک پہنچے تھے، جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ۔ موسیٰ گیلانی کی گرفتاری کیخلاف تھانے کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان کا احتجاج، سید موسیٰ گیلانی کی رہائی کا مطالبہ کردیا ۔

پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد تھانے کے باہر موجود ہے، کارکنان موسیٰ گیلانی کی رہائی کے لیے نعرے بازی کررہے ہیں ۔ سابق رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی گرفتار کارکنان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کے ساتھ تھانے پہنچے تھے ۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے کارکنان کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، جن کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے کارکنان کے ہمراہ علی موسیٰ گیلانی تھانے پہنچے ، جہاں پولیس نے ان کو تھانے میں بٹھا لیا، جس کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنان نے نعرے بازی شروع کردی کہ موسیٰ گیلانی کو رہا کیا جائے ۔

(جاری ہے)

جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سید علی موسیٰ گیلانی کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ وہ خود کارکنان سے ملنے کے لیے تھانے کے اندر آئے ہیں، ان کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کیخلاف سختی سے نمٹا جا رہا ہے ۔