ملتان میں عوام کو روکنے میں تمام حکومتی حربے ناکام ہو گئے تو حکومت بھاگ گئی، رانا ثناء اللہ

یہ پہلا جلسہ ہے جس میں حکومتی مشینری بوکھلا گئی ،لاہور کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا ، صدر (ن) لیگ پنجاب

منگل 1 دسمبر 2020 16:46

ملتان میں عوام کو روکنے میں تمام حکومتی حربے ناکام ہو گئے تو حکومت بھاگ ..
کرمانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملتان میں عوام کو روکنے میں تمام حکومتی حربے ناکام ہو گئے تو حکومت بھاگ گئی، یہ پہلا جلسہ ہے جس میں حکومتی مشینری بوکھلا گئی ،لاہور کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جب عوام باہر نکلی تو حکومت غائب پولیس غائب حتی کہ ٹریفک پولیس بھی غائب ہو گئی ا نہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنا تھا یا پورے ملتان میں جلسہ کرانا مقصد تھا پچھلے تین دنوں سے ملتان میں جلسہ ہو رہا تھا۔ رانا ثنا اللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر حکومت نے لاہور کے جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالی تو مینار پاکستان پرتاریخ کابڑا جلسہ ہو گاا گرجلسہ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو پھر پورا لاہور جلسہ گاہ میں تبدیل ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت کو کورونا کا مسئلہ یا پی ڈی ایم کاخوف ہے ۔انہوںنے کہا کہ کرونا کامسئلہ ہے تو پھر لوئر دیر میں جلسہ ہوا، ننکانہ صاحب میں سکھوں کا اجتماع ہوا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ان کو مبارکباددی ۔انھوں نے کہا کہ صرف پی ڈی ایم کی تحریک کو روکنے کے لیے حکومت بزدلانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم ان شاء اللہ تحریک کو آہستہ آہستہ آ گے لیجائیں گے اوراس کرپٹ سلیکٹڈحکومت سے عوام کی جان چھڑا یں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ،لاہور کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا ۔ا نھوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور عمران کے دائیں بائیں آ ٹا چینی مافیا شانہ بہ شانہ ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو کورونا کا خوف کم ہو گا مگر پی ڈی ایم کاخوف ہر وقت ان کے دماغ پر مسلط رہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگرلاہور میں بھی ملتان جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی انھوں نے کہا کہ لاہور سے ہی تحریکیں جنم لیتی ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اب حکومت کے خاتمے کا وقت بڑی تیزی سے قریب آرہا ہے عوام کی جان ایسے نا اہل ٹولے سے جلد چھوٹ جائے گی ۔انھوں مزید کہا کہ حکومت کے امپورٹڈ ترجمان اپنے اپنے گھونسلوں میں واپس چلے جائیں گے۔