کشمیر بارے او آئی سی کی طرف سے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم

جمعرات 3 دسمبر 2020 20:07

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںتحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میںکشمیر کے بارے میں اختیار کئے گئے موقف کا خیرمقدم کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں او آئی سی کے حال ہی میں نائجر کے دارلحکومت نیامی میں منعقدہ اجلاس میں کشمیر سے متعلق متفقہ طور پرقرارداد کی منظور ی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بھارت کیلئے چشم کشا قراردیا۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر اپنے ہٹ دھمری پر مبنی موقف کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی غرض سے مکمل پروپیگنڈہ مشینری استعمال کی اور ہرممکن سفارتی کوششیں کیں تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری نے ہمیشہ کشمیریوں کے منصفانہ حق خودارادیت کی حمایت کی ہے ۔ بلال صدیقی نے کشمیر کے بارے میں متفقہ موقف اختیار کرنے پر پاکستان ، ترکی اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ او آئی سی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرکے عوام کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے گی ۔