اپوزیشن کہتی ہے ووٹ کو عزت دو اور ووٹر کو کورونا میں دھکا دو، شیخ رشید

آپ ستم کرو گے تو ستم کریں گے وفا کرو گے تو وفا کریں گے، جس قسم کی حکمت عملی بناؤ گے حکومت بھی ویسے ہی پیش آئے گی، وفاقی وزیر

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 4 دسمبر 2020 00:22

اپوزیشن کہتی ہے ووٹ کو عزت دو اور ووٹر کو کورونا میں دھکا دو، شیخ رشید
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 دسمبر2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ ووٹ کو عزت دو اور ووٹر کو کورونا میں دھکا دے دو۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ملتان اور پشاور میں جلسے معمولی نوعیت کے تھے۔ان جلسوں سے حکومت کہیں نہیں جانے والی، عمران خان وقت پورا کریں گے۔ وفاقی وزیر نےمزید کہا کہ آپ ستم کرو گے تو ستم کریں گے وفا کرو گے تو وفا کریں گے، جس قسم کی حکمت عملی بناؤ گے حکومت بھی ویسے ہی پیش آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف بیانیے سے ان کی سیاست ختم ہونے جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، کورونا کے باعث جہاز اور ریل دونوں کے پسنجر کم ہوگئے۔ اسحاق ڈار کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار بدنام ہوگیا ہے، سیاست دان مذاکرات کے دروازے کیسے بند کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی ریفرنس کیس میں وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کو بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کردی ہے،شاہد خاقان عباسی نے استدعا کی کہ تمام گواہان کو ترتیب سے طلب کیا جائے، فہرست میں پہلے نمبر پر موجود گواہ شیخ رشید کو پہلے بلایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے شیخ رشید کو بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کی۔ گواہان کو ترتیب سے طلب کیا جائے، فہرست میں پہلے نمبر پر موجود گواہ کو پہلے بلایا جائے۔ایل این جی ریفرنس کے گواہوں کی فہرست میں شیخ رشید پہلے نمبر پرموجود ہیں۔