میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کا تنظیمی اجلاس، جدوجہد تیز کرنے پر اتفاق

ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرنے پر بھی اتفاق

اتوار 27 دسمبر 2020 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2020ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کا اہم تنظیمی اجلاس کے ایم سی ورکشاپ میں صدر سید ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری ملک نواز، راجہ عاصم شہزاد، جاوید بلوچ، اشرف اعوان، اسلم بزنجو، عزیز میر بلوچ، انور بلوچ نے شرکت کی جبکہ الحاق یافتہ یونینز کے قائدین کے وائبر کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ملازمین کے دیرینہ مسائل، تنخواہوں پنشن واجبات کی ادائیگی میں باقاعدگی لانے، عدالتی احکامات کے تحت ریٹائرمنٹ واجبات کیلئے کے ایم سی کے اثاثے فروخت کرنے، کیماڑی کی ضلعی میونسپل کارپوریشن کے قیام، ڈی ایم سیز کے ملازمین اور سولڈ ویسٹ ملازمین کو میڈیکل کی سہولت دلوانے، 2010 سے بھرتی ہونے والے ملازمین کی اسکروٹنی کا شیڈول جاری کرنے، ایڈہاک اور کنٹریکٹ کی آڑ میں پچھلی تاریخوں میں بھرتی کرکے ملازمین کو مستقل کرنے، سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی ٹریڈ یونینز تنظیموں کی سرگرمیوں کاجائزہ لینے، فائر فائٹرز کے اوورٹائم، کرسمس کی تقریبات، ریٹائرمنٹ پر ملازمین کے اعزاز میں تقریبات کے انعقاد، اعلیٰ حکام سیکریٹری بلدیات، اسپیشل سیکریٹری بلدیات، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری قانون سے ملاقاتیں کرنے، کراچی بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں کامیابی پر نعیم قریشی ایڈووکیٹ دیگر وکلاء، آرٹس کونسل کے انتخابات میں احمد شاہ، اعجاز فاروقی پینل کو کلین سوئپ پر مبارکباد دینے، شہر میں ہونے والی سماجی ثقافتی تقریبات میں شریک ہونے پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

مختلف شخصیات سیاسی کارکن انور شاہ کشمیری، سابق صوبائی وزیر بوستان علی ہوتی کے صاحبزادے وائس چیئرمین یوسی جرجس علی ہوتی، سینئر صحافی مظہر عباس کی اہلیہ، صحافی راؤ وکیل کے بہنوئی، سینئر صحافی عبدالحمید چھاپرا، رکن قومی اسمبلی پیر نور محمد شاہ، سابق صوبائی مشیر نصیر کھوسہ، بین الاقوامی شاعر عظمت بلگرامی، اخبار فروش یونین ایبٹ آباد کے صدر و پریس کلب کے سینئر رکن ریاض خان جدون کے بھائی عبدالمالک جدون شیخ البانڈی، سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ کی اہلیہ، سابق چیئرمین یوسی جنید مکاتی کی والدہ کے سانحات ارتحال پر فاتحہ خوانی کی گئی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ مخالفین کے منفی پروپیگنڈے کے خلاف حقائق ملازمین کے سامنے لانے، غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ الائنس کی جانب سے کسی بھی مسئلے پر دیگر مختلف یونینوں کے اپنے لوگوں کو نوازنے کے کاموں کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ 2010 سے بھرتی ملازمین کی اسکروٹنی پر آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کی قیادت کے کیے گئے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

کے ایم سی کے اثاثوں کو فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو مالیاتی اداروں میں انویسٹ کرکے اس کے منافع سے ریٹائر ملازمین و وفات یافتہ ملازمین کو آئندہ ادائیگیاں کروائی جائیں گی۔ پہلے تمام 6 ہزار سے زائد ریٹائر اور وفات یافتہ ملازمین کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ کے ایم سی، ڈی ایم سیز ایڈمنسٹریٹر، ایم ڈی سولڈ ویسٹ کے ملازم دشمن فیصلوں کی بھرپور اور فوری مزاحمت کی جائے گی۔

فائر فائٹرز کو اوورٹائم کی ادائیگی کیلئے انہیں متحرک کیا جائے گا۔ ڈی ایم سی کیماڑی میں قریبی رہائشی ملازمین کو فوقیت دلوائی جائے گی۔ کراچی بار ایسوسی ایشن اور آرٹس کونسل آف پاکستان کے الیکشن میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اجلاس میں صدر الائنس سید ذوالفقار شاہ اور جنرل سیکریٹری ملک نواز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک نواز کی ریٹائرمنٹ اور کرسمس کی تقریبات کے کامیاب انعقاد پر مبادکباد پیش کی گئی۔