ہڑتا ل کی کال کامیاب بنانے پرحریت کانفرنس کا کشمیریو ں کا شکریہ

بیش بہا قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، بیان

ہفتہ 2 جنوری 2021 15:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ کشمیریوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے جعلی مقابلوں میں قتل کیخلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کر کے بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر بھی ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے کہ انہیں ظلم و جبر کے ذریعے تحریک آزادی سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں ہڑتال کی کال کو کامیاب بنانے پر کشمیریوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارتی چنگل سے آزاد ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام 1947 سے بالعموم اور گزشتہ تین دہائیوں سے بالخصوص قربانیوں کی ایک عظیم تاریخ رقم کر رہے ہیں جبکہ بھارت حق پر مبنی تحریک حق خودارادیت کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور اس نے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت یہ بات سمجھ چکا ہے کہ کشمیری عوام تحریک آزادی سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے لہذا اس نے 5 اگست 2019 کو 370 اور 35۔

اے کی دفعات ختم کر کے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی راہ ہموار کی۔ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے لاکھوں غیر کشمیری بھارتی باشندوں کو کشمیر کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کیے ہیں جو عالمی قانوں کی کھلی خلاف ورزی ہے کیوںکہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔جس کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔