عوامی ایکشن کمیٹی کی سرینگرمیں تین بے گناہ نوجوانوں کے قتل کی مذمت ، واقعے کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ

ہفتہ 2 جنوری 2021 19:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2021ء) غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میںمیرواعظ عمرفاروق کی سربراہی میں قائم’’ عوامی ایکشن کمیٹی ‘‘نے سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک جعلی مقابلے میں تین بے گناہ نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کمیٹی کا ایک وفد شہیدنوجوانوں کے گھر گیا اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔بیان میں کہاگیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں جاری بھارتی ظلم و جبر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔بیان کے مطابق شہید نوجوانوں کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ معصوم طلبا تھے جو اپنی تعلیم کے سلسلے میں گھرسے نکلے تھے اور ان کا بہیمانہ قتل کیاگیا۔

(جاری ہے)

عوامی ایکشن کمیٹی نے کہا کہ جیسا کہ شہداء کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے اور انصاف کے اصولوں کے مطابق مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میںلانے کے لئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جانی چاہئے،لیکن ماضی کے ریکارڈ کو مدنظر رکھا جائے توغیر جانبدارانہ تحقیقات کا دوردور تک کوئی امکان نہیں ہے ۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے کہا کہ لاوے پورہ سانحے کو جس چیز نے مزید تکلیف دہ بنا دیا ہے وہ شہیدنوجوانوں کی تدفین کا طریقہ کار ہے کیوں کہ قابض حکام نے میتیں اہل خانہ کے حوالے کرنے سے انکارکیاجو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔