جدوجہد ِ آزادی کشمیر کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری قوم کے اصل ہیرو ہیں، خواجہ سیف الدین

جمعرات 14 جنوری 2021 19:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2021ء) بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میںجموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی عبوری کمیٹی کے سربراہ خواجہ سیف الدین نے کہا ہے کہ جدوجہد ِ آزادی کی راہ میں شہیدہونے والے اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے حریت پسندکشمیری قوم کے اصل ہیرو ہیں۔کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق خواجہ سیف الدین نے ان خیالات کا اظہار لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک اورسینئر پارٹی رہنمائوں شوکت احمد بخشی، منظور احمد صوفی ، محمد زمان میر، انجینئر علی محمد میر، محمد اقبال گندرو ، معراج الدین شیخ اور دیگر کے خلاف جھوٹے مقدمات میں جموںکی ٹاڈا عدالت فرد جرم عائد کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہاکہ شہادتوں اور گرفتاریوںسے بے خوف کشمیری قوم اب حق و انصاف پر مبنی اپنی جدوجہد آزادی سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگی جس کے حصول کی خاطر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی قیادت ہر اول دستے کے طورپر قربانیاں دینے میں پیش پیش رہی ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سیف الدین نے تشویش ظاہر کی کہ بھارت ایک منصوبہ بند طریقے سے محمد یاسین ملک اور اُن کے ساتھیوںکو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا نے پر تُلا ہواہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر عدالتی دہشت گردی کا سہارا لے کربھارتی حکومت کشمیریوں کی مقبول آواز کو خاموش کرانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالتی دہشت گردی کا حال یہ ہے کہ مقدمے کی شنوائی کی تاریخ ،جو 29 جنوری کو طے ہے ، سے پہلے ہی حکومت کی ایماء پر عدالتی فیصلہ میڈیا کی زینت بنایا گیا اور وسیع پیمانے پر اس کی تشہیر کی گئی جس سے محمد یاسین ملک اور اُن کے ساتھیوںکے خلاف بھارت کے عزائم کھل کر بے نقاب ہو گئے ہیں۔

خواجہ سیف الدین نے کہا کہ عدالت کی طرف سے فیصلہ سنائے جانے سے قبل ہی فیصلے کی تشہیر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی عدالتیں حکومت کے زیر اثر ہیں اور یوں جمہوریت، انصاف اور قانون کا بے دریغ قتل عام خوداِس کے محافظوں کے ہاتھوں ہی ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سات دہائیاں اس حقیقت کی شاہد ہیں کہ ا س طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے حریت پسند کشمیری قیادت اور قوم کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکا ہے ۔

خواجہ سیف الدین نے اقوام متحدہ اورعالمی انسانی حقوق کے علمبرداروںاوربا اثر عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنمائوںاور عوام کی زندگیوںکے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہاکہ 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم ِ سیاہ کے طور پر منایایا جارہاہے اوراس دن بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتال اوراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور برسلزور بلجیم سمیت دنیا کے اہم مراکز میں بھارتی ہائی کمیشنز کے سامنے احتجاج ریکارڈکرایا جائے گا۔