وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ایک بار پھر صدر یو این سکیورٹی کونسل اور سیکرٹری جنرل کو خط، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اوربھارت کے پاکستان مخالف اقدامات سے بھی آگاہ کیا

جمعہ 5 فروری 2021 17:20

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا   ایک بار پھر  صدر یو این سکیورٹی کونسل ..
اسلام آباد۔5فروری  (ردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 فروری ۔2021ء) :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے سلسلے میں ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے رابطہ کیا ہے۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے صدر یو این سکیورٹی کونسل اور سیکرٹری جنرل کو  کشمیر صورتحال پر خط ارسال کیا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال  اوربھارت کے پاکستان مخالف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے  مطالبہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اپنے قانونی اور اخلاقی اختیار کو بروئے کار لائے جو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے قابل قبول حق کی ضمانت دے۔

وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں  اس بات پر زور دیا ہے کہ  مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے اٹھائے گئے تمام۔غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات  اقوام متحدہ کی سلامتی کی متعلقہ قراردادوں سمیت بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کے منافی ہیں۔ وزیر خارجہ نےبھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے اقوام متحدہ کے سامنے  ڈوزیئر بھی پیش کیا، جس میں بھارت کی پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کی فعال منصوبہ بندی ، فروغ ، مالی امداد اور عمل درآمد کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے ڈس انفولیب رپورٹ  کا بھی ذکر کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے خط میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کا معاملہ بھی اٹھایا۔وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ  سیکیورٹی کونسل بھارت پر زور دے  کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی محاصرہ اور یکطرفہ اقدامات  فوری ختم کرے،بھارت عوامی اجتماعات  اور مواصلاتی نظام پر بندش فوری ختم کرے،کشمیری قیادت اور غیر قانونی گرفتار تمام کشمیریوں کو فوری رہا کیا جائے،نئے ڈومیسائل قانون کو ختم اور جاری کردہ کو فریز کیا جائے،جعلی چھاپوں میں ماورائے عدالت قتل جیسے کالے قوانین کو ختم کیا جائے اوراقوام متحدہ مبصرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیر میں رسائی دی جائے۔