ظل سبحانی پاکستان آ کر سیاست کریں،بیرون ملک تو وہ کاروبار کر رہے ہیں‘ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن کی بات کرنے کی بجائے اب ہم نے اپنی پرفارمنس اور گورننس کو فوکس کرنا ہے پی ڈی ایم کا غیرفطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچ گیا ، اس اتحاد کا واحد ایجنڈا کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف کیسز کا خاتمہ تھا کرکٹ کے جوہر قابل کی تلاش میں لاہور قلندر سینٹرآف ایکسیلینس کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے‘معاون خصوصی کا سینٹر کا دورہ

منگل 6 اپریل 2021 23:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2021ء) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرکٹ کے جوہر قابل کی تلاش اور ٹیلنٹ ہنٹنگ میں لاہور قلندر سینٹرآف ایکسیلینس کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ قوم کے کرکٹ کے ساتھ جنون کو اس ٹریننگ اکیڈمی نے روشن مستقبل کا راستہ دکھایا ہے۔ ملک میں ویمن کرکٹ کے فروغ کے لئے اس ادارے نے خواتین کرکٹرز کو بلاامتیاز تربیت کے جدید مواقع فراہم کرکے قابل تحسین کارنامہ انجام دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں لاہور قلندر سینٹر آف ایکسیلینس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے قلندرز سینٹر آف ایکسیلینس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پیڈز اور گلوز باندھ کر خود بھی نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا اور باکسنگ بیگ پر مکے برسائے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نجی شعبے میں قائم اس ٹریننگ سینٹر نے پاکستان کے کرکٹرز کو دنیا کی بہترین ٹیموں کے برابر ماڈرن تربیتی سہولیات فراہم کر کے کرکٹرز کا دل جیت لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیروں کو تراش خراش کرانمول کرکٹر بنانا لاہور قلندر کا کمال ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہر کھیل کے میدان آباد کئے ہیں کیونکہ ان کا یقین ہے کہ جس قوم کے کھیل کے میدان آباد ہوں اس کو بیماریاں شکست نہیں دے سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آدھی سے زیادہ آبادی خواتین پر جبکہ آبادی کا 65 فیصد حصہ نوجوانوں پرمشتمل ہے ۔

ان حالات میں قوم کو اس اکیڈمی جیسے مزید اداروں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ بھی بہت ضروری ہے کیونکہ قوم کے نوجوان کھیلوں کی بدولت ہی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب لاہور قلندر اکیڈمی کو صوبے کے طول و عرض میں مقامی سطح پر بھی ایسے سینٹرز کے قیام میں تعاون کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

ہمارا مقصدہرحال میں کھیلوں اور جسمانی فٹنس کے چیلنجز پر پورا اترنے کے لئے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سطح پر نوجوانوںکو انگیج رکھنا ہے۔ صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا غیرفطری اتحاد بالآخر اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔ اس اتحاد میں شامل سیاستدان ملکی مفاد یا مہنگائی کے خاتمے کے لئے نہیں بلکہ اپنے ون پوائنٹ ایجنڈے کی تکمیل کے لئے اکٹھے ہوئے تھے۔

یہ ون پوائنٹ ایجنڈا عمران خان کو پریشرائز اور بلیک میل کر کے کرپشن کے کیسز سے چھٹکارا حاصل کرنا تھا لیکن انہوں نے دیکھا کہ عمران خان نہ جھکا نہ بکا بلکہ ڈٹ کر کریز پر کھڑا رہا۔ یہ اتحاد ایسا کرچی کرچی ہوا ہے کہ اس کو جوڑنا ناممکن ہے۔ معاون خصوصی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن کے ریٹائرڈہرٹ لوگوں کو چیلنج تو تب کریں گے جب وہ گرائونڈ میں آئیں گے۔

بہتر ہے یہ لوگ سیاسی میدان میں آ کر عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیںاپوزیشن والے اپنے مال پانی کا درد بھول کر عدالتوں کے سوالوں کا جواب دیں۔ لکاچھپی کی بجائے خود کو عدالتوں کے تابع کریں۔ ظل سبحانی کو شاہی خاندان کے سارے ارکان سمیت پاکستان بلائیں۔ اگر یہ لوگ بے گناہ ہیں تو عدالتیں ریلیف دیں گی اور اگر گناہگار پائے گئے تو جیل کے ڈر سے لیڈر ملک سے باہر نہیں بھاگتے۔

نیلسن منڈیلا کی نظمیں پڑھنے سے اچھا ہے کہ نیلسن منڈیلا بن کر دکھائیں جو جیل کے ڈر سے ملک سے نہیں بھاگے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں لیڈر جاتے ہیں گیدڑ نہیں جاتے۔ سیاست کرنی ہے تو عوام میں آ کر کریں باہر تو آپ کاروبار کر رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ اب تو وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈروں کی بات کرنے کی بجائے ہم نے اپنی پرفارمنس اور گورننس کو فوکس کرنا ہے۔

اپوزیشن ہمارے لئے دردسر نہیں رہی۔ پی ڈی ایم میں شامل گھر کے بھیدی ایک دوسرے کی لنکا ڈھا رہے ہیں لیکن حکومت اب اپوزیشن کی بجائے رمضان میں لوگوں کو سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی کاوشوں پر فوکس کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرانے پر بھی پوری توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔