جماعت اسلامی سندھ کے بزرگ رکن، تعلیمی ماہر اور کالم نگار امداد علی قادری انتقال کرگئے

جمعہ 9 اپریل 2021 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے بزرگ رکن، تعلیمی ماہر اور کالم نگار امداد علی قادری انتقال کرگئے۔وہ کچھ عرصے سے علیل تھے مرحوم کی نمازجنازہ آبائی شہر قمبرعلیخان میں ان کی وصیت کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنما و سندھ ھائی کورٹ بارلاڑکانہ کے صدر محمد عاشق دہامراہ کی امامت میں ادا کی گئی۔

جس میں مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو،صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، صدارتی ایواڈر یافتہ سیرت نگار سید گل محمد شاھ گل بخاری، خیرمحمد تنیو ، مقامی معززین سیاسی و سماجی رہنما اور قریبی رشتہ دار بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ مولانا جان محمد عباسی کے تربیت یافتہ 91 سالا امداد قادری مرحوم مقام سے لیکر لاڑکانہ ڈویڑن تک کی ذمہ داریوں پر فائز رہے۔

(جاری ہے)

وہ سراپا تحریک تھے۔ قادری اکیڈمی کے نام سے نسل نو کی تربیت اور باتیں آپ کی اور قلم میرا کے عنوان سے مستقل کالم لکھتے رہے ہیں۔ چند ماہ پہلے ان کی اہلیہ کا بھی انتقال ہوگیا تھا۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی قیم صوبہ کاشف سعید شیخ ،سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے اورڈپٹی سیکریٹری اطلاعات وزیرعلی جمالی نے امداد علی قادری کی وفات پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔