عالمی برادری مقبوضہ جموںوکشمیر میں مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے میں کردار ادا کرے‘ علی رضا سید

مقبوضہ جموںو کشمیر میں دس لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں جو کشمیریوں کے حقوق غصب کررہے ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں

اتوار 11 اپریل 2021 13:10

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2021ء) کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں حال ہی میںپلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں کشمیری نوجوان کی شہادتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجی کالے قانون آرمڈ فورسزا سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات کو کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کا قتل عام کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی نسل کشی کا مقصد مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام کو جدوجہد آزادی سے روکنا ہے ۔انہوں نے مقبوضہ جموںو کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا اگرچہ صحافی انسانی حقوق کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں کے قتل عام کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں پر پابندیاں عائد ہیں ۔

(جاری ہے)

علی رضا سیدنے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی پر پابندی اور میڈیا پر قدغنیں عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے ضلع پلوامہ میں جمعرات کی رات کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جیل میں قیدیوں پر تشدد کی بھی مذمت کی۔چیئرمین کشمیرکونسل نے کہاکہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام کوشدید مشکلات اور مصائب کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں دس لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں جو کشمیریوں کے حقوق غصب کررہے ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جبکہ بھارت ظالمانہ طریقے سے ان کے حقوق دبا رہا ہے اوروہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے ذمہ دار ہے۔ علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔