مقبوضہ کشمیر ، محمد اشرف صحرائی کی غائبانہ نماز جنازہ کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا

بھارتی ظالمانہ پالیسیوں کے باوجود تحریک آزادی جاری رہے گی، مقررین

جمعہ 7 مئی 2021 17:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر مختلف علاقوں میںلوگوں نے مسلسل دوسرے روز بھی کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر شہید رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی کی حراستی وفات کے خلاف مظاہروں کو روکنے کیلئے قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے نافذ کرفیوجیسی پابندیوں کے باوجود لوگوں نے سرینگر، اونتی پورہ ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی ۔

غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس ،جموںوکشمیر تحریک مزاحمت ،پیپلز لیگ، تحریک استقلال، جموںوکشمیر پولیٹیکل رزسٹنس موومنٹ ، جموںوکشمیر ڈیموکریٹک جسٹس پارٹی اور دیگر آزادی پسند جماعتوں نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

غائبانہ نماز جنازہ کے شرکا نے بھارت کے خلاف اور آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔مقررین نے اس موقع پر محمد اشرف صحرائی اور دیگر کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تمام تر ظالمانہ پالیسیوں کے باوجود تحریک آزادی جاری رہے گی ۔

انہوںنے کہا کہ حق پر مبنی کشمیریوں کی جدجہد کے بارے میں دہشت گردی کا بھارتی بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا ہے ۔ انہوںنے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کو اور موثرانداز سے آگے بڑھانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دیں ۔محمد اشرف صحرائی بدھ کے روز بھارت کے زیر حراست جموں میں انتقال کر گئے تھے۔