شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ’خوشیوں کی نوید‘ قرار دے دیا

سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا، اس رقم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا، ہم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ مئی 12:51

شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ’خوشیوں کی نوید‘ قرار ..
جدہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 مئی 2021ء ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پاکستانیوں کے لیے خوشخبریوں کی نوید قرار دے دیا ، ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورۂ سعودی عرب انتہائی سود مند رہا ہے ، ماہِ رمضان کی برکتیں اس میں شامل تھیں ، وزیراعظم عمران خان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا ، وزیراعظم کی محمد بن سلمان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ، 5 معاہدوں پر دستخط ہوئے ، ہم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جدہ میں وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب کے حوالے سے میڈیا کے نمائنمدوں کے ساتھ خصوصی گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں ان کی کابینہ کے اہم اراکین بھی موجود تھے ، میری سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ بھی نشست ہوئی ، مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ان ملاقاتوں کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور جو گرمجوشی دکھائی دے رہی تھی اس سے مستقبل کی راہوں کا تعین واضح دکھائی دیتا ہے ، کیوں کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خود وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کرنے کے لیے تشریف لائے ، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ہماری ایک گروپ ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان ، آرمی چیف اور میں بھی شریک ہوا ، اس ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ، سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں ان کی حالیہ آؤٹ ریچ کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ، اس معاہدے کی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈی نیشن کونسل کا قیام معرض وجود میں آئے گا ، جس کے تحت ہمارے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر ایک ’اسٹرکچرڈ انگیجمنٹ پلان‘ ترتیب دیا گیا ہے جب کہ ہم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، سعودی ولی عہد نے ہمیں سعودی عرب کے وژن کے خدوخال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ، سعودی ولی عہد کے مطابق اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انہیں اگلے دس سال کے دوران، دس ملین افرادی قوت درکار ہو گی ، انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستانی ورک فورس کی گذشتہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس مطلوبہ ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا ، روزگار کے مواقعوں کے حوالے سے یہ پاکستانیوں کیلئے ایک بہت بڑی خبر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ دوسرے کے دوران 5 اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ، ایک معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا ، 2 معاہدے قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے جن پر وزیر خارجہ شیخ رشید احمد نے دستخط کیے ، 2 معاہدوں پر میں نے دستخط کیے ، ان میں سے ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا جب کہ دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا ، اس رقم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کرلی ، وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے باور کرایا کہ ان کے دورے کے نتیجے میں جو گُڈ وِل پیدا ہوئی اس کے نقوش آج پاکستانیوں کے دلوں میں تازہ ہیں ، عید کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ کے دورۂ پاکستان کے خدوخال طے کرنے کیلئے سعودی افسران کا وفد پاکستان تشریف لائے گا ، میں نے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جسے انہوں نے قبول کیا۔