کوہلو میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سہولیات کا فقدان ،ہزاروں افراد کی زندگیاں حالات کے رحم وکرم پر

اتوار 9 مئی 2021 21:00

کوہلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) کوہلو میںہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سہولیات کا فقدان ،ہزاروں نفوس آبادی حالات کے رحم وکرم پر ہیں آتشزدگی ،زلزلے طوفانوں سے نمٹنے کیلئے کوئی تیاری نہیں ،ضروری آلات کی عدم دستیابی اور تجربہ کار افراد کا فقدان ہے ۔تفصیلات کے مطابق پونے دولاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے پاس ناگہانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے کوئی بھی سہولیات موجود نہیں ہے کسی بھی غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے کسی بھی سطح پر درکار ضروری آلات اور تربیت یافتہ عملے کا وجود ہی نہیں ہے ضلع کی آبادی پونے دو لاکھ سے زائد ہے لیکن سیلاب ،طوفان ،زلزلہ ،عمارت کی تباہی ،آتشزدگی ،زہریلی گیس کا اخراج اور کیمیکل سپیلج جیسی آفات سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ باالخصوص میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کوئی خاطرخواہ انتظامات نہیں کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں جہاں ریسکیو کے مختلف شعبہ جات ایسے واقعات کے دوران الرٹ رہ کر کام کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ضلع بھر میں کہیں پر کوئی ایمرجنسی اور ناگہانی واقعات و آفات کے موقع پر فائر فائیٹنگ و دیگر آلات و مشینری تک دستیاب نہیں جبکہ تربیت یافتہ عملہ کی بھی شدید قحط الرجال ہے جس کے باعث لاکھوں کی آبادی پر مشتمل ضلع میں کسی بھی ناگہانی وقدرتی آفات و واقعات پر سہولیات کی عدم دستیابی سے خدانخواستہ کسی بڑی تباہی کا پیشہ خیمہ ثابت ہوسکتا ہے عوامی حلقوں نے وزیراعلی بلوچستان ،چیف سیکرٹری بلوچستان ،سیکرٹری بلدیات ،کمشنر سبی ڈویژن واعلی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر جدید مشینری و آلات فراہم کرنے کے ساتھ تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کو بھی عمل میں لایا جائے ۔