سانحہ 12 مئی کے شہدا کی آزاد عدلیہ کے کاز کی خاطر دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلاول بھٹو

بدھ 12 مئی 2021 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی کے تمام شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے، جو آمر اور اس کے حواریوں کے ہاتھوں کراچی کی سڑکوں پر بے دردی سے قتل کردیئے گئے تھے۔ سانحہ 12 مئی کی 14 ویں برسی پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے اس تخریب کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحے کو ملکی تاریخ کا ایک بدترین تاریک واقعہ قرار دیا، جسے بھولنا ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام متاثرہ خاندان، بشمول پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جمہوری جماعتوں کے کارکنان، وکلا اور عام شہریوں کے اہلخانہ، ایک دہائی گذرنے کے باوجود اس سانحے کے کرب کو آج بھی اسی طرح محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کے شہدا کی آزاد عدلیہ کے کاز کی خاطر دی گئی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی، لیکن یہ بہت بڑا سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ عدلیہ کی آزادی کی جدوجہد کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں کو بھی تاحال انصاف نہیں ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ وقت نے ان سے بدلہ لے لیا ہے، جو معصوم شہریوں کی خونریزی کے ماسٹر مائینڈ تھے۔ لیکن اس سانحہ پر فتح کے مکے لہرانے والوں کو کھلی چھٹی نہیں ملنی چاہئیے تھی اور قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوال کیا کہ کیا نظریئہ ضرورت کی بدروح ہمارے نظامِ انصاف میں تاحال سرگرداں تو نہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کے خواب ایک دن ضرور حقیقت بنیں گے، جنہوں نے مارشل لاز اور پارشل لاز/جانبدارانہ قوانین کے خلاف جدوجہد و مزاحمت کی ہے اور بیشمار قربانیاں دیں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر نظام میں موجود تمام عوام دشمن پیچیدگیوں کا خاتمہ کرے گی اور فوجداری نظامِ انصاف کو آسان بنائے گی، تاکہ کوئی مجرم سزا سے بچ نہ پائے، بلکہ اپنے جرم کا خمیازہ بھگتے۔