فلسطین کو محمد بن قاسم کی ضرورت، 10 سالہ فلسطینی بچی کی ویڈیو وائرل

فلسطینی بچی کی مسلم ممالک سے میدان میں اتر کر درندے اسرائیل کا راستہ روکنے کی اپیل، دل دہلا دینے والی ویڈیو نے ہر آنکھ اشک بار کر دی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 16 مئی 2021 22:10

فلسطین کو محمد بن قاسم کی ضرورت، 10 سالہ فلسطینی بچی کی ویڈیو وائرل
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 16 مئی2021ء) 10 سالہ فلسطینی بچی کی مسلم ممالک سے میدان میں اتر کر درندے اسرائیل کا راستہ روکنے کی اپیل، دل دہلا دینے والی ویڈیو نے ہر آنکھ اشک بار کر دی- تفصیلات کے مطابق اسرائیلی بمباری سے اب تک 10 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر اور کئی محلے اجڑگئے۔10 سالہ فلسطینی بچی ندین عبداللطیف کی فریاد کی امت مسلمہ کی غیرت جگانے کی کوشش۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ گھر کے ملبے کے ڈھیر پر کھڑی بچی کا کہنا ہے کہ میں چاہتی ہوں کہ میں اپنے لوگوں کیلئے کچھ کروں مگر میں کیا کر سکتی ہوں؟ میں تو صرف 10 سال کی ایک بچی ہوں۔ ندین عبدالطیف نے کہا کہ ہماری زمین کو آگ کے حوالے کر دیا گیا ڈیڑھ سو سے زائد شہادتیں اور آٹھ سو سے زائد زخمی ہیں دس ہزار لوگ بے گھر اور کثیر المنزلہ عمارتیں مسمار کر دی گئی ہیں مسلمانوں میں غیرت ہے تو میدان میں اتریں اور اس درندے اسرائیل کا راستہ روکیں مسلمان حکمران اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور اسرائیل کو درندگی سے روکیں۔

(جاری ہے)

اسرائیل کی کل آبادی 80 لاکھ ہے لاہور سے بھی چھوٹا ملک ہے مسلم ممالک سے چھوٹا سا درندہ سنبھالا نہیں جا رہا فلسطین فلسطینیوں کا ہے اسرائیل کو ختم کرنا مسلمانوں کا فریضہ ہے مسجد اقصی سے نبی پاک نے معراج کا سفر کیا تمام مسلمانوں کا فریضہ ہے کہ مسجد اقصی کو واگزار کرائیں وہ ہمارے دل کا ٹکڑا ہے۔ بچی کا کہنا تھا کہ غزہ میں پانی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے مشکوک افراد کی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب اسلامی ممالک کی سربراہی تنظیم (او ائی سی) نے اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔ سعودی عرب کی درخواست پر مقبوضہ فلسطین کی صورت حال پر او آئی سی کا ورچوئل اجلاس ہوا۔او آئی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پراسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔او آئی سی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی علاقوں پر حملے فوری بند کرے۔

او آئی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مسجدالاقصیٰ سمیت تمام مقدس مقامات کی بیحرمتی بند کرے اور سلامتی کونسل اسرائیلی بربریت رکوانے کے لیے فوری اقدام کرے۔اس سے قبل اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیا تھا۔ اس سے پہلے سلامتی کونسل کا ہونے والا اجلاس امریکہ نے ملتوی کرا دیا تھا اور اسرائیل نے اس سے فائدہ اٹھا کر غزہ پر مزید بمباری کی اور ان حملوں سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی۔