اہل کراچی نے ہمیشہ کی طرح ملت اسلامیہ سے تاریخ ساز اظہار یکجہتی کیا ہے،لیاقت بلوچ

انشاء اللہ 30 مئی کو پشاور میں القد س ملین مارچ میں خیبر پختونخوا کے غیور ، مجاہد صفت اور اسلامی انقلاب کے علمبردار عوام تاریخ ساز شرکت کرینگے ،نائب امیر جماعت اسلامی

پیر 24 مئی 2021 23:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیاسی امور کمیٹی کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے اہل کراچی کو القدس مارچ میں فقید المثال شرکت پر شاباش دیتے ہوئے کہاہے کہ اہل کراچی نے ہمیشہ کی طرح ملت اسلامیہ سے تاریخ ساز اظہار یکجہتی کیا ہے ۔ انشاء اللہ 30 مئی کو پشاور میں القد س ملین مارچ میں خیبر پختونخوا کے غیور ، مجاہد صفت اور اسلامی انقلاب کے علمبردار عوام تاریخ ساز شرکت کریں گے ۔

فلسطین جل اور سلگ رہاہے ،امریکہ اور مغربی ممالک اسرائیلی صیہیونی دہشتگردی اور جنگی جرائم کی سرپرستی کر رہے ہیں ۔ مسلم حکمران اپنی مجرمانہ بے حسی کو مکمل طور پر ترک کرنے کے لیے ابھی بھی تیار نہیں ۔ کشمیر ، فلسطین ، افغانستان ، شام ، یمن ، لیبیا کے بحران بھی عالم اسلام کے اتحاد کے ذریعے ہی ختم ہوں گے ۔

(جاری ہے)

امریکہ اور یورپی ممالک اسلاموفوبیا کی بنیاد پر اسلام ، مسلم عوام اور اسلامی تہذیب کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔

اتحاد امت ہی تحفظ اور سلامتی ہے ۔ اسلامی ممالک کے مقتدر حکمران کشمیر ، فلسطین ، افغانستان کے مسلم عوام کے دکھ درد کا احساس کریں انہیں صفحہ ہستی سے مٹادیا گیا تو کوئی بھی اسلامی ملک اپنی آزادی اور غیرت و حمیت کی حفاظت نہیں کر سکے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان حکومت نے 5 اگست019 2 ء کو بھارتی مودی فاشسٹ اقدامات پر پھرتی دکھائی اور اب فلسطین کے بحران پر بھی فعالیت دکھائی نہیں دیتی ۔

کشمیر ، فلسطین ، افغانستان کے ایشوز پر وقتی تحرک اور ایڈہاک پالیسی کی بجائے طویل المعیاد ، دور رس ، ہمہ گیر قومی متفقہ حکمت عملی اور یکشن پلان بنایا جائے ۔ کشمیر ، فلسطین اور افغانستان کے بحرانوں کے حل کے لیے پاکستان عالم اسلام کے اتحاد کے لیے جوہری کردار ادا کرسکتاہے ۔ عالمی اور عالم اسلام کے محاذ پر پاکستان کی عزت و وقار کی بحالی کے لیے وقت ضائع نہ کیا جائے ۔ حکومت ، اپوزیشن ، ریاستی ادارے اس تاریخ ساز مرحلہ پر یک جان ، یک آواز اور ایک پیج پر آئیں ۔وزیراعظم عمران خان کو قومی مفادات کے لیے ذاتی انا اور سیاسی عارضی مفادات کو قربان کر کے قومی کردار ادا کرناہوگا ۔ جماعت اسلامی ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی کردار ادا کرے گی ۔