پہلی تا آٹھویں جماعت کیلئے امتحانات کی کوئی پابندی نہیں، شفقت محمود

سکولوں پر منحصر ہے کہ وہ امتحانات لینا چاہتے ہیں یا نہیں لینا چاہتے،گرمی کی شدت دیکھ کرسکولوں سے متعلق فیصلے صوبائی حکومتوں نے کرنے ہیں۔ وفاقی وزیرتعلیم کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 10 جون 2021 22:00

پہلی تا آٹھویں جماعت کیلئے امتحانات کی کوئی پابندی نہیں، شفقت محمود
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 جون2021ء) وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پہلی تا آٹھویں جماعت کیلئے امتحانات کی کوئی پابندی نہیں، سکولوں پر منحصر ہے کہ وہ امتحانات لینا چاہتے ہیں یا نہیں لینا چاہتے،گرمی کی شدت دیکھ کرسکولوں سے متعلق فیصلے صوبائی حکومتوں نے کرنے ہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اور آٹھویں جماعت کے بچوں کے امتحانات لینے کی کوئی پالیسی نہیں ہے، چھوٹی کلاسزکے بچوں کے امتحانات لینے یا نہ لینے کا معاملہ سکولوں پرمنحصر ہے ، ہماری طرف سے کوئی پابندی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ این سی اوسی نے 3، 4ماہ بعد سکول کھولنے کی اجازت دی ہے،گرمی تو بہت زیادہ ہے، وفاقی حکومت اور این سی اوسی کی طرف سے سکول کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، لیکن صوبائی حکومتیں اپنے مقامی حالات اور گرمی کی شدت کو دیکھ کر فیصلے کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اولیول کا امتحان ہم سے بات کرکے رکھا گیا ہے۔دسویں اور بارہویں کیلئے ہم نے صرف اختیار مضامین کا امتحان رکھا ہے۔

ان طلباء کو جولائی تک امتحانات کی تیاری کا وقت بھی دیا گیا ہے۔ دوسری جانب گرمی کی شدت بڑھنے پر خیبرپختونخوا میں پرائمری اور مڈل اسکولوں میں جمعے اور ہفتے کی دو چھٹیاں دے دی گئی ہیں، ہائیرسیکنڈری اسکول کے اوقات کار صبح 7 سے 10 بجے تک ہوں گے، نئے اوقات کا اطلاق تمام سرکاری ونجی اسکولوں پر ہوگا۔ اعلامیہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ کے مطابق محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے ہائی اور ہائرسیکنڈری اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کردئیے ہیں۔

ہائیرسیکنڈری اسکول کے اوقات کار صبح 7 سے 10 بجے تک مقرر کردیے ہیں۔ اسی طرح پرائمری و مڈل اسکولوں کو جمعے اور ہفتے کو دو چھٹیاں دے دی گئی۔ چھٹیاں گرمی کی شدت کے باعث کی گئی ہیں، پرائمری اور مڈل اسکولوں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ اتوار کو کیا جائے گا، تاہم نئے اوقات کا اطلاق تمام سرکاری ونجی اسکولوں پر ہوگا۔ اسی طرح نویں سے 12 ویں تک کلاسز میں وہی مضامین پڑھائے جائیں جن کا امتحان لیا جائے گا۔ دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے اور سکولوں میں بچوں کے بے ہوش ہونے کے واقعات کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری ونجی سکولوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کردیے گئے، سکول صبح سات بجے لگیں گے اور ساڑھے گیارہ بجے چھٹی ہوگی۔