سندھ کا گورنر ہائوس صوبائی حکومت پر غیراعلانیہ حملے کیلئے استعمال ہوا، میاںرضاربانی

وفاقی حکومت کا سندھ میں آرٹیکل 140 اے کے نفاذکا مطالبہ ڈھونگ ہے، پی ٹی آئی نے پنجاب اور کے پی کے میں بلدیاتی سیٹ اپ کو ختم کردیا جہاں ان کی اپنی صوبائی حکومتیں ہیں،سینئررہنماپاکستان پیپلزپارٹی کا فواد چوہدری کے سندھ میں آرٹیکل 140 اے لگانے کے بیان پر ردعمل

منگل 15 جون 2021 11:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماسینیٹر میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ سندھ میں گورنر ہائوس صوبائی حکومت پر غیر اعلانیہ حملے کے لیے استعمال ہوا،گورنر وفاق اورصوبہ میں سہولت کار کا کردار ادا نہیں کرسکتا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سندھ میں آرٹیکل 140 اے لگانے کے بیان پر اپنے ردعمل میں سینیٹر میاںرضا ربانی نے کہاکہ وفاقی حکومت کا سندھ میں آرٹیکل 140 اے کے نفاذکا مطالبہ ڈھونگ ہے ۔

پی ٹی آئی نے پنجاب اور کے پی کے میں بلدیاتی سیٹ اپ کو ختم کردیا جہاں ان کی اپنی صوبائی حکومتیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت فروری میں ختم کردی۔آئین کے مطابق حکومت کو بلدیاتی حکومتیں کے ختم ہونے کے چھ ماہ کی مدت میں دوبارہ انتخاب کروانے کی پاپند ہے۔

(جاری ہے)

پانچ ماہ گزرنے کے باوجود حکومت نے بلدیاتی انتخابات کروانے سے متعلق کوئی اقدام نہیں کیا۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کو بحال نہیں کیا۔پنجاب حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی۔اسی طرح کے پی کے میں بھی بلدیاتی نظام کو پی ٹی آئی نے ختم کیا۔وفاق پنجاب اور کے پی کے میں بلدیاتی حکومتیں نہیں ہیں اس لیے ارٹیکل 140 اے کا اطلاق نہیں ہوتا۔