عدلیہ شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی کی بنیاد پر کرے ،وزیر اطلاعات

لاہور گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو کھیل رہے ہیں، منتیں کرکے باہر جا والوں پر پولو میچ دیکھنے پر اب کیا کہا جائے، نواز شریف کے لندن میں عیاشی کرنے سے عوام کو دکھ ہے، بجٹ پرتنقید کرنے میں کوئی حرج نہیں ،تنقید اور توہین میں فرق ہوتا ہے،ن لیگ پھرگندی زبان اوربدتمیزی کرتی ہے، پارلیمنٹ میں بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے،اپوزیشن بجٹ کو پڑھے اور پھر تجاویز ہمارے پاس لائے ہم سنیں گے،سندھ کو جو پیسہ ملتا ہے اس کو باہر کے ملکوں میں منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا جاتا ہے، وفاق صوبوں کو جو پیسہ دے گا اس میں میکنزم کے ذریعے شفافیت لائی جائیگی،سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کر رہا ہے، کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد سے جلد الیکشن میں استعمال ہونا شروع ہو جائے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ای ووٹنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے، احسن اقبال کے بیان پر حیرت ہوئی ،سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ضروری دینا چاہیے، کابینہ نے محمد اویس کو ناروے حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی ہے ، کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہوگا، کیبل ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد 900،950 چینلز ہوجائیں گے ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چینلز کو لاسکیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

منگل 15 جون 2021 17:21

عدلیہ شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی کی بنیاد پر کرے ،وزیر اطلاعات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدلیہ شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی کی بنیاد پر کرے ،لاہور گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو کھیل رہے ہیں، منتیں کرکے باہر جا والوں پر پولو میچ دیکھنے پر اب کیا کہا جائے، نواز شریف کے لندن میں عیاشی کرنے سے عوام کو دکھ ہے، بجٹ پرتنقید کرنے میں کوئی حرج نہیں ،تنقید اور توہین میں فرق ہوتا ہے،ن لیگ پھرگندی زبان اوربدتمیزی کرتی ہے، پارلیمنٹ میں بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے،اپوزیشن بجٹ کو پڑھے اور پھر تجاویز ہمارے پاس لائے ہم سنیں گے،سندھ کو جو پیسہ ملتا ہے اس کو باہر کے ملکوں میں منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا جاتا ہے، وفاق صوبوں کو جو پیسہ دے گا اس میں میکنزم کے ذریعے شفافیت لائی جائیگی،سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کر رہا ہے، کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد سے جلد الیکشن میں استعمال ہونا شروع ہو جائے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ای ووٹنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے، احسن اقبال کے بیان پر حیرت ہوئی ،سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ضروری دینا چاہیے، کابینہ نے محمد اویس کو ناروے حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی ہے ، کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہوگا، کیبل ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد 900،950 چینلز ہوجائیں گے ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چینلز کو لاسکیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس آغاز الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے معاملے سے ہوا، الیکشن کمیشن سے ہماری آخری ملاقات میں مشینوں کے عملی مظاہرے کی درخواست کی تھی، رواں ہفتے کمیشن کو پریزنٹیشن دی گئی جس میں کمیشن کے اراکین نے سوالات رکھے جن کا ماہرین نے جواب دیا، مشینیں بنانے والی کمپنیوں اور کامسیٹس کی ٹیکنالوجی کمیشن کے 36 نکاتی ایجنڈے کے مطابق ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن کی خواہشات کے مطابق ٹیکنالوجی آچکی ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ اگلے ضمنی انتخابات میں الیکٹرونک مشین استعمال ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزارت پارلیمانی امور نے کابینہ کو بتایا کہ اس ضمن میں قومی اسمبلی سے بل منظور ہوچکا ہے اور اب سے سینیٹ بھجوا دیا گیا ہے اور نادرا کے سسٹم کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جاچکی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے بعد ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ای ووٹنگ کے معاملے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کے سیاسی نظام کا اہم جزو تصور کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں ای ووٹنگ کا حق لازمی دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت بہت حیرت ہوئی جب مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے مسائل کا علم نہیں ہے، جن کی پوری قیادت لندن بیٹھی ہوئی ہے اور وہاں تمام جائیدادیں ہیں، (ن) لیگ ایسٹ انڈیا کمپنی کی جدید شکل ہے، کمپنی نے ہندوستان اور مغلوں کے ساتھ جو کیا مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے اس صدی میں آکر کیا، دونوں سے یہاں سے پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا اور اب وہاں پولو میچ دیکھ رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اسے بے شرمی ہی کہا جائے گا کہ ملک سے آپ بیماری کا بہانہ بنا کر گئے اور اب لندن میں پولو میچ دیکھ رہے ہیں، پوری قوم اس پر افسردہ ہے، ہمیں عدالتوں کا احترام ہے لیکن جس طرح نواز شریف کو ضمانت کے بغیر باہر جانے کی اجازت دی گئی اس پر لوگوں کو دکھ اور افسوس ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم پھر عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ شہباز شریف کے کیسز کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے، پوری قوم احتساب کے عمل کو مذاق کے طور پر دیکھ رہی ہے، کیسز میں چھ چھ ماہ تک تاریخیں نہیں دی جاتیں اس پر پوری قوم، وزیر اعظم اور ہمیں تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری کراچی میں جو بات وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کو چبھی وہ یہ تھی کہ وفاق سے صوبوں کو اربوں روپے جاتے ہیں وہ ترقیاتی اور غیر ترقیاتی کاموں پر خرچ ہونا ہوتا ہے، لیکن سوال ہے کہ وہ پیسہ ترقیاتی کاموں پر کہاں خرچ ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ کراچی کے تمام نمائندوں کو اس بات کی شکایت ہے کہ شہر کو اس کا حق نہیں ملتا تاہم آپ اندرون سندھ کے حالات بھی دیکھ لیں، جو پیسہ صوبے کو دیا جاتا ہے کہ اس کی بہت منظم طریقے سے دبئی، برطانیہ اور فرانس میں لانڈرنگ کی جاتی ہے، یہ پیسہ پاکستان کے عوام کا ہے اور اس کے بارے میں جاننا عوام کا حق ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ لہٰذا وفاقی کابینہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پی ایس ڈی پی کے فنڈز کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کا طریقہ لایا جائے گا، اس کا میکانزم وفاق اور چاروں صوبوں میں ہوگا اور صوبے، وفاق کے پیسوں سے جو منصوبے کر رہے ہیں ان پر بھی تھرڈ پارٹی میکانزم کا اطلاق کیا جائے گا تاکہ ہم عوام کو بتا سکیں کہ یہ تمام پیسہ کہاں جارہا ہے اور اس میں شفافیت لائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے لاہور کے علاقے والٹن سے ایئرپورٹ کی منتقلی کے اس کو تقسیم کردیا ہے اور اس پراپرٹی کا 42.6 فیصد حصہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) اور 57.4 فیصدحکومت پنجاب کو ملے گا، مذکورہ زمین میں سے 52 ایکڑ سی اے اے کی ملکیت اور 70 ایکڑ صوبائی حکومت کی ملکیت ہے۔انہوںنے کہاکہ کابینہ نے ہوائی کمپنی اے ایچ ایس انٹرنیشنل کے چارٹر کی شق 2 کو 17 اگست 2016 سے ریگولرائز کرنے کی منظوری دی، اس لائسنس میں مزید توسیع مروجہ پالیسی کے مطابق وزارت ہوا بازی کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے عزیز نشتر ثاقب ہمدانی اور قاسف شاہد کو پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ میں بطور نجی اراکین تعینات کرنے، بریگیڈیئر نعمان احمد کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسیلا بورڈ میں بطور رکن پروجیکٹ پلاننگ تعینات کرنے کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ اسی طریقے سے پاکستان کوارٹرز اور جمشید کوارٹرز کے معاملے پر مزید غور کے لیے علیحدہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ اربوں روپیہ وفاق سے صوبوں کوجاتا ہے تاہم سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کر رہا ہے، ہر روز ہم دیکھتے ہیں کہ کراچی کے حالات برے ہو رہے ہیں،کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، کراچی کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ کا بھی برا حال ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ بجٹ پرتنقید کرنے میں کوئی حرج نہیں تاہم تنقید اور توہین میں فرق ہوتا ہے، شہبازشریف اس توہین کی سربراہی کرتے ہیں،ن لیگ پھرگندی زبان اوربدتمیزی کرتی ہے، پارلیمنٹ میں بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو غلط فہمی ہے کہ وہ جو بھی کریں گے وہ جمہوری رویہ ہوگا، اگر آپ ہمیں بات کرنے دیں گے تو آپ کو بھی بات کرنے دیں گے، اگر اپوزیشن حکومت کو بات کرنے دے گی تو تب ہی وہ خود بھی بات کر سکے گی، اپوزیشن بجٹ کو پڑھے اور پھر تجاویز ہمارے پاس لائے ہم سنیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں بجٹ آرہاہے ، فردوس شمیم نقوی نے مکمل شیڈو بجٹ دیا ہے،حکومت کو اپنی بات سنانے سے پہلے حکومت کی بات سننی پڑے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ کو جو پیسہ ملتا ہے اس کو باہر کے ملکوں میں منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا جاتا ہے، وفاق صوبوں کو جو پیسہ دے گا اس میں میکنزم کے ذریعے شفافیت لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کراچی ڈیفینس فیز8 میں نجی ہوٹل کی زمین پر اپارٹمنٹس کا معاملہ موخر کردیا ہے، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اس پر غیر قانونی قبضہ چھڑا یا جائے ،پاکستان کوسٹ گارڈز فاؤنڈیشن کے قیام پر فیصلہ موخر کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد اویس کو ناروے حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہوگا، کیبل ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد 900،950 چینلز ہوجائیں گے ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چینلز کو لاسکیں گے۔