وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیابی، 20 طاقتور ممالک نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا دیا

پاکستان کے لیے 3.7 ارب ڈالرز کا قرض معطل، قرض کی معطلی سے ملکی زر مبادلہ پر پڑنے والا ممکنہ فوری دباؤ ختم، سال کے آخر تک حالات بہتر ہونے سے تو قرض ادائیگی ممکن ہو سکے گی، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 15 جون 2021 23:04

وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیابی، 20 طاقتور ممالک نے پاکستان کے حق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 15 جون2021ء) وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیابی، 20 طاقتور ممالک نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا دیا، پاکستان کیلئے 3.7 ارب ڈالرز کا قرض معطل کر دیا گیا- تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت کو قرض کی ادائیگی کے حوالے سے بڑی رعایت ملک گئی ہے- قرضوں کی ادائیگی میں یہ رعایت وزیر اعظم عمران خان کی ترقی پذیر ممالک کے لیے لابنگ کے نتیجے میں ممکن ہوئی، جس کے نتیجے میں 20 طاقت ور ممالک نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا دیا 20 ممالک نے پاکستان کے لیے 3.7 ارب ڈالرز کا قرض معطل کر دیا ہے، پاکستان کو فوری طور پر قرض کی ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیر ممالک نے کرونا کے باعث پاکستان کی قرض کی ادائیگی معطل کر دی ہے، گزشتہ برس بھی پاکستان کو یہ سہولت دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ آج ایک بار پھر پاکستان کے لیے قرض معطلی کی منظوری دی گئی ہے، پاکستان کو 3 اعشاریہ 7 ارب ڈالرز کا قرض چند ماہ میں ادا کرنا تھا، تاہم اس کی معطلی سے اب ملکی زر مبادلہ پر پڑنے والا ممکنہ فوری دباؤ ختم ہو گیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سال کے آخر تک حالات بہتر ہوں گے تو قرض ادائیگی ممکن ہو سکے گی۔ جی سیون ممالک کے حالیہ سربراہ اجلاس کے حوالے سے انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان جی7 ممالک کی سیاست میں شامل نہیں ہے، جی 7 ممالک کی اپنی سیاست ہے، ان کا چین مخالف ایجنڈا ہوگا، تاہم پاکستان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں، ہمارے اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی اور معاشی تعلقات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال صورت حال کے باعث امیر ممالک کے گروپ جی 20 نے پاکستان کے ذمے واجب الادا1.7 ارب ڈالرز کے قرض کی ادائیگی معطل کردی تھی جس سے پاکستان کو بڑی سہولت ملی- جی 20 ممالک کی طرف سے ڈیٹ سروس کی معطلی کے لیے پاکستان نے فرانس، چین اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ ڈیٹ کی ری شیڈولنگ کے لئے معاہدے پر دستخط کیے تھے ۔

پاکستان نے جی 20 ممالک کے ڈیٹ سروس کی معطلی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے مذاکرات کیے۔ سہولت کے تحت پاکستان کو 1.7 بلین ڈالرز کے قرض کی ادائیگی معطل ہوئی ۔وزارت اقتصادی امور نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ پاکستان جی 20 ممالک سے مئی تا دسمبر 2020 کے عرصے کے لیے 1 اعشاریہ 8 بلین ڈالر کے قرض کی واپسی میں ریلیف کی توقع کررہا تھا۔ اس میں 1.47 بلین ڈالر قرض کی اصل رقم اور 323 ملین ڈالر کا سود شامل ہے۔ کورونا کے منفی معاشی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جی 20 ممالک ڈیٹ سروس کی معطلی کی سہولت کا آغاز کیا گیا تھا۔