’منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنے سے کرپشن کے داغ دھل نہیں جائیں گے‘

ہم 10 پرسنٹ اور 20 پرسنٹ سے نہیں آئے ، حماد اظہر نے بلاول بھٹو زرداری پر طنز کے تیر چلا دیے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 جون 2021 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2021ء) وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بلاول بھٹو پر وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آج نابالغ لیکچر ملا، جنہوں نے کبھی کاروبار نہیں کیا وہ بتا رہے ہیں معیشت کیسے چلانی ہے ، کرپشن کے داغ منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنے سے دھل نہیں جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بجٹ پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں لوگوں نے منتخب کیا ہے ، ہم 10 پرسنٹ اور 20 پرسنٹ سے نہیں آئے ، ہمارے علاقوں میں کتے کاٹنے سے کوئی بیماری نہیں پھیلی اور ہیپاٹائٹس بھی نہیں پھیلا ، ہم ان سب چیزوں سے محفوظ ہیں اور ہمارے حلقے کے لوگ ہمیں بہت پیار محبت دیتے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں مہنگائی کی شرح زیادہ رہی اور پیپلز پارٹی آئی ایم ایف کے پاس سب سے زیادہ گئی ہے جب کہ 4 فیصد گروتھ پر انہیں بہت تکلیف ہورہی تھی ، میں نے ڈیٹا نکالا ہے پیپلز پارٹی دور کے پانچ سال میں ایک بھی سال ایسا نہیں تھا جس میں ایک فیصد گروتھ حاصل کرلیتے ، سینے پر لگے کرپشن کے داغ انگریزی بولنے سے صاف نہیں ہوں گے، کرپشن کے یہ داغ منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنے سے دھل نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے دعوے جھوٹ قرار دیتے ہوئے بلاول نے بجٹ اور بجٹ سیشن دونوں کو ہی غیر قانونی قرار دے دیا ، قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر رکن اسمبلی کا حق ہے کہ وہ بجٹ سیشن کو اٹینڈ کریں، آپ پروڈکشن آرڈر ایشو نہیں کر رہے خورشید شاہ، خواجہ آصف اور علی وزیر کو نہیں لایا جا رہا ، ان کے علاقے کے عوام بجٹ میں حصہ نہیں لے رہے ان کی نمائندگی ہی نہیں ہے ، آج تک نیا این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا ، جب تک این ایف سی ایوارڈ نہیں دیں گے تب تک ہر بجٹ غیر آئینی ہوگا ، اس لیے یہ بجٹ اور قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن دونوں غیر قانونی ہیں۔