بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا: مولانا برکاتی

ہفتہ 19 جون 2021 17:03

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جنوبی کشمیر کے اسلام آباد قصبے میں تحریک فکرواعتقاد جموںوکشمیر کا ایک اجلاس پارٹی کے امیر مولانا سرجان برکاتی کی صدارت میں ہوا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اجلاس میں پارٹی عہدیداران کے علاوہ کئی کارکنوں نے شرکت کی اور تنظیم سے متعلق اہم امورپر تبادلہ خیال کیا۔

مولانا سرجان برکاتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسوس کا اظہارکیا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبوضہ جموںوکشمیر کی صورت حال بگڑتی جار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے حالات بالکل ٹھیک ہیںاور دوسری طرف معصوم کشمیریوں سے جیلوں کو بھراجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کھوکھلے دعوئوںکا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا سرجان برکاتی نے بھارتی فوج کی طرف سے سوپور اور شوپیان میں حالیہ قتل و غارت کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو فوجی طاقت کے ذریعے دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی اور کشمیری عوام اس کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے جموں میں گجر اور بکروال برادری کے اراکین کو اپنے گھروں اور زمینوں سے بے دخل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کو قابل مذمت قراردیا۔

مولانا سرجان برکاتی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لے اور تنازعہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے میں اپنا کرداراداکرے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔