کشمیری (آج)منگل سے ’’ہفتہ شہداء ‘‘منائیں گے

جولائی کو ممتاز نوجوان رہنما شہیدبرہان وانی اور ان کے ساتھیوں کے یوم شہادت کو یوم مزاحمت کے طورپر منایا جائے گا

پیر 5 جولائی 2021 14:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2021ء) کنٹرول کی لائن کے دونوں اطراف، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری (آج)منگل سے ’’ہفتہ شہداء منائیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ دن منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق 7 جولائی کو احتجاجی ریلیوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا اورآزادی کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔

8 جولائی بروز جمعرات کو ممتاز نوجوان رہنما شہیدبرہان وانی اور ان کے ساتھیوں کے یوم شہادت کو یوم مزاحمت کے طورپر منایا جائے گا جبکہ 13 جولائی کو تاریخی یوم شہداء منایا جائے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ان دنوںکے دوران مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس نی8جولائی کو برہان وانی کے آبائی قصبے اور 13 جولائی کو مزار شہداء نقشبند صاحب سرینگرکی طرف مارچ کی بھی کال دی ہے جہاں 1931ء کے شہداء مدفون ہیں۔

تمام آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے حریت کانفرنس کے احتجاجی کیلنڈر کی حمایت کی ہے ۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے حریت کانفرنس کی ہڑتال کی کال کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید برہان مظفر وانی خود میں ایک ادارہ تھے جنہوں نے مزاحمتی تحریک کو ایک نئی جلا بخشی ۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائمقام چیئر مین محمود احمد ساغر نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ شہید برہان وانی کا ہی طرہ امتیاز ہے کہ تحریک آزادی کو نئی جلا ملی اور قابض قوتوں کے ساتھ ساتھ پورے عالم پر یہ بات واضح ہوگئی کہ ہمارے نوجوان بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے مسلح جدوجہد میں مصروف ہیں،اگر چہ وہ تعداد میں بہت کم ہیں لیکن وہ مجاہدین آزادی ہیں اور ان کیخلاف بھارت کا جاری پروپیگنڈہ نہ صرف بے بنیاد بلکہ حقیقت سے بعید ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے پر رضامند ہونے کے بعد یہ نوجوان بھی مسلح جدوجہد کا راستہ ترک کر کے اپنے مادر وطن کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔