انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیریوں کے قتل کے دلخراش واقعات کا نوٹس لیں، احسن اونتو

ْ بھارتی فوجیوں کو ایسے واقعات پر جواب دہ بنانااور قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ناگزیر ہے

جمعہ 16 جولائی 2021 14:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس نے ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوج کی گاڑی کی طرف سے ایک خاتون کو کچلنے کے دلخراش واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین ، محمد احسن اونٹو نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارتی فوج کی گاڑی نے کسی بے گناہ کشمیری کو روند ڈالا بلکہ مقبوضہ علاقے میں ایسے کئی المناک واقعات ہوئے ہیں جب بھارتی فوجیوں نے بلا اشتعال اور بلا وجہ کشمیریوںکو قتل کیا۔

انہوں نے کہا ایسے واقعات کے حوالے سے بھارتی فوجیوںکو جو استثنیٰ حاصل ہے اس کی وجہ سے وہ ایسے واقعات دہراتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد احسن اونتو نے کہا کہ کشمیریوں نے جب بھی اس طرح کے واقعات کے خلاف احتجاج کیا توفوجیو ںنے ان پر گولیاں برسا دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کو ایسے واقعات پر جواب دہ بنانااور قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ناگزیر ہے ۔انہوں نے عالمی عدالت انصاف ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پیش آنے والے ایسے دلخراش واقعات کا نوٹس لیں اور مجرم فوجیوں کو سزا دینے کیلئے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالیں۔