عوامی اور قومی ایشوز پر بات کرنے کی بجائے پارلیمنٹ میں محاذ آرائی کا بازار گرم ہے ، سید احمد محمود

حکومتی وزرا کے پاس ویژن ہے نہ عوامی فلاحی منصوبہ، بجٹ بھی عوام کو ریلیف نہ دے سکا،پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر کی میڈیا سے گفتگو

پیر 19 جولائی 2021 23:27

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمودنے کہا ہے کہ عوامی اور قومی ایشوز پر بات کرنے کی بجائے پارلیمنٹ میں محاذ آرائی کا بازار گرم ہے ،مہنگائی عروج پر پہنچ چکی عوام کی حقیقی چیخیں نکل چکی، کوئی پرسان حال نہیں، بحالی کے بعد بلدیاتی نمائندوں کو ماسوائے کرسی میز کے کچھ حاصل نہ ہوگا جنرل ہوں یا بلدیاتی انتخابات بلے کا نشان لیکر عوامی عدالت میں جانے والے امیدوار تمغہ جرآت کے حقدار ہونگے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے ایم این اے مخدوم مرتضی محمود، ایم پی ایز مخدوم عثمان اکبر محمود، سردار ممتاز خان چانگ، ضلعی صدر سردار حبیب الرحمن خاں گوپانگ، ضلعی جنرل سیکرٹری جہانزیب رشید چودھری، سابق ٹی ایم او قاضی جمیل احمد ضلعی سیکرٹری اطلاعات مرشد سعید ناصر ، منیر خان ڈاہر،، مخدوم حسن رضا ہاشمی مسعود صادق ، مقصود اشرف گیلانی و دیگر کے ھمراہ جمال دین والی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وزرا کے پاس ویژن ہے نہ عوامی فلاحی منصوبہ، بجٹ بھی عوام کو ریلیف نہ دے سکا بجٹ کے بعد ہونے والی مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے اب تک تبدیلی سرکار کے نمائندے اپنی زندگی میں تبدیلیاں لانے کے علاوہ عوام کی زندگیوں میں بہتری نہ لا سکے میں اپنے بچوں کو سمجھاتا ہوں کہ عبادت سمجھ کر عوامی خدمت کی سیاست پر توجہ دیں قبل ازیں پیپلز پارٹی کے راہنماوں، ضلع بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات نے مخدوم احمد محمود سے انکی پھوپھی کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔