کورونا وائرس کی تباہ کاریاں، عالمی شرح کے مقابلے میں پاکستان میں شرح اموات میں تشویش ناک اضافہ

جولائی کے ماہ کے دوران عالمی سطح پر مہلک وبا کے باعث شرح اموات 2.15 سے 2.17 فیصد رہی، پاکستان میں شرح اموات 2.30 فیصد سے 2.37 فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی

muhammad ali محمد علی منگل 27 جولائی 2021 00:20

کورونا وائرس کی تباہ کاریاں، عالمی شرح کے مقابلے میں پاکستان میں شرح ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی2021ء) عوام کی بداحتیاطی نے کورونا وائرس کی شرح اموات کے لحاظ سے پاکستان کو دنیا کا سب سے خطرناک ملک بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق مطابق ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں اب بھی جاری ہیں، عالمی شرح کے مقابلے میں پاکستان میں شرح اموات میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جولائی کے ماہ کے دوران عالمی سطح پر مہلک وبا کے باعث شرح اموات 2.15 سے 2.17 فیصد رہی، جبکہ پاکستان میں کورونا کے باعث شرح اموات 2.30 فیصد سے 2.37 فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی، جو کہ عالمی شرح کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز بھی ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران مزید 32افراد چل بسے جبکہ 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید3ہزار 752 کیسز سامنے آئے ہیں۔ جبکہ ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد23 ہزار48 تک جا پہنچی۔ گزشتہ 24گھنٹے میں کورونا کی49 ہزار947 ٹیسٹ کیے گئے، ملک میں کورونا کیسزکی شرح 7 اعشاریہ 51 فیصد رہی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 57 ہزار 799مریض زیرِ علاج ہیں، جبکہ 9 لاکھ 27 ہزار 599 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 67ہزار 92 ہوچکی ہے، جبکہ کل اموات 5 ہزار 833ہو گئیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 53 ہزار 238مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل اموات دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 944 ہو چکی ہیں۔ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 925 ہو چکی ہے، اس سے یہاں کل اموات 4 ہزار 420ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 85 ہزار 780 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، اب تک یہاں کل 793 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے بلوچستان میں 29 ہزار 571مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 325 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔