Live Updates

سندھ میں حکومتی نااہلی تعلیمی نظام اور طلباء کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے، خرم شیر زمان

پیپلز پارٹی کے پرچی چیئرمین نے صوبے کے طالب علموں کو بھی پرچی میں لگادیا ہے،صدر تحریک انصاف کراچی ڈویژن

منگل 27 جولائی 2021 17:47

سندھ میں حکومتی نااہلی تعلیمی نظام اور طلباء کے مستقبل کو خطرے میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل اور پرچہ آوٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں حکومتی نااہلی تعلیمی نظام اور طلباء کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ سندھ میں امتحانی مراکز میں نقل اور پرچے آؤٹ ہونے کا سلسلہ روایتی انداز میںجاری ہے۔

پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پرچی چیئرمین نے صوبے کے طالب علموں کو بھی پرچی میں لگادیا ہے۔جب کوئی وزراء کی نالائقیوں پر بات کریں تو یہ ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال دیتے ہیں۔ سندھ میں تعلیمی نظام کو باقائدہ منظم سازش کے تحت تباہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کا مستقبل روشن ہو، سندھ حکومت اور انتظامیہ کی ایسی نیت ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی کرپشن اورناقص طرز حکمرانی کی وجہ سے تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں سندھ دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔سندھ کے اسکولوں اور کالجوں میں معیاری تعلیم کی سہولیات موجود نہیں۔ سندھ کے تعلیمی ادارے کہیں وڈیروں کے اوطاق بنے ہوئے ہیں تو کہیں انہیں بھینسوں کے باڑے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے تعلیم کا جنازہ نکال دیا ہے،وزیر تعلیم نے سندھ کے نوجوانوں کا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے۔

امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لئے سندھ حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ امتحانی مراکز میں بد انتظامی کی صورتحال کے پیش نظر رینجرز کو طلب کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے تعلیمی نظام کی ابتر حالت پر اپنا کردار ادا کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات