ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ‘ضلع بھر کی ترقیاتی سکیموں اور تمام ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘صوبائی وزراء سردار آصف نکئی ، کرنل (ر) ہاشم ڈوگر

ہفتہ 31 جولائی 2021 16:34

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں رکن قومی اسمبلی سردار طالب حسن نکئی ، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار آصف نکئی ، صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر ، رکن صوبائی اسمبلی پیر مختار احمد ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی ، ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گُل ، ڈی پی اوقصور عمران کشور،اسسٹنٹ کمشنرقصور اورنگزیب سدھو، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجو کیشن اتھارٹی، ہیلتھ اتھارٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ، واپڈا ،ایگری کلچر ، لائیو سٹاک ، ایری گیشن سمیت تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو محکمہ پولیس ، ہائی وے ، ایری گیشن ، زراعت ، لائیوسٹاک ، ہیلتھ ، ایجو کیشن ، واپڈا ، سوئی گیس ،پنجاب آب پاک اتھارٹی کے جاری منصوبوں سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء سردار آصف نکئی اور کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر کا کہنا تھاکہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ۔

ضلع کی تعمیر وترقی اور عوام الناس کی فلاح وبہبود کے لیے تمام افسران پوری محنت، ایمانداری اور فرض شناسی کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر ضلع بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اور شہریوں کی آسانی کیلئے ڈی ایچ کیو ، ٹی ایچ کیوز ،آر ایچ سیز ،بنیادی مرکز صحت کے ساتھ ساتھ یونین کونسل کی سطح پر ویکسی نیشن سینٹر بنائے گئے ہیں جہاں پر شہری بآسانی ویکسی نیشن کروا سکتے ہیں ۔ رکن قومی اسمبلی سردار طالب حسن نکئی کاکہناتھاکہ ضلع میں زیر تعمیر ترقیاتی سکیموں میں بہترین میٹریل کے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جلد ازجلد مکمل کیاجائے تا کہ شہریوں کی زندگی میں آسانیاں پیداہوسکیں۔