غلام محمد صفی کی سردار تنویر الیاس سے ملاقات،تحریک آزادی کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمدمسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے،نو منتخب رکن اسمبلی آزاد کشمیر

ہفتہ 31 جولائی 2021 21:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) تحریک حریت جموںوکشمیر کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے تحریک انصاف کے رہنما اور آزادجموںوکشمیر کے نو منتخب رکن اسمبلی سردار تنویر الیاس سے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ملاقات میں تحریک آزادی کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

سردار تنویر الیاس نے غلام محمد صفی کو یقین دلایا کہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں وہ تنہا نہیں بلکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمدمسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔سردار تنویر الیاس نے بھارتی ظلم و جبر کے شکار کشمیری عوام اورنظربند رہنمائوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت مہاجرین کے مسائل سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہے بلکہ ان کے حل کا ادراک بھی رکھتی ہے۔سردار تنویر الیاس نے تحریک حریت کے سابق چیرمین شہید محمد اشرف صحرائی اور دیگر شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر غلام محمد صفی نے سردار تنویر الیاس کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارت کے عزائم اور مکر و فریب سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کی راہ کشمیر سے ہوکر گزر تی ہے۔