پی ٹی آئی کے کرپٹ حکمرانوں اور ریٹائرڈ جرنیلوں نے ملک کو لوٹ لیا،سینیٹر مشتاق احمد

جھوٹ کا ورلڈ کپ ہوتا تو عمران خان جیت جاتے،آٹا مافیا ، چینی چور مافیا اور سب مافیاز عمران خان کے ساتھی بن گئے ہیںاور ان کے کابینہ کا حصہ ہے ، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

اتوار 8 اگست 2021 19:10

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2021ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیرسینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کرپٹ حکمرانوں اور ریٹائرڈ جرنیلوں نے ملک کو لوٹ لیا،جھوٹ کا ورلڈ کپ ہوتا تو عمران خان جیت جاتے،آٹا مافیا ، چینی چور مافیا اور سب مافیاز عمران خان کے ساتھی بن گئے ہیںاور ان کے کابینہ کا حصہ ہے ، عارف حسن 17سال سے اولمپک کمیٹی پر قابض ہے لیکن ٹوکیو اولمپلکس میں شرمناک کارکردگی سب کے سامنے ہیں،عاصم سلیم باجوہ نے پاپا جونزکے پیسے کہاں سے بنوائے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار بازار میں کاروان انقلاب کے سلسلے میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل ، مرکزی نائب صدریوسف خٹک ، صوبائی صدر شاہ جہان آفریدی ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حاجی سردار خان ، صاحبزادہ ہارون الرشید ، مولانا وحید گل ، قاری عبدالمجید ، یوتھ کے ضلعی صدر فرمان اللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں سے وعدے کئے لیکن سب وعدوں سے مکر گئے ۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنیوالے اپنے وعدوں سے مکر گئے ۔ حکمران صرف بیرون ممالک سے قرضہ لینا جانتے ہیں باقی حکومت چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے کیونکہ روز بروز مہنگائی میں اضافہ ہورہاہے ۔ پاکستانی نوجوانوں نے موجودہ حکومت کو برسر اقتدار لانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا لیکن تین سال گزرنے کے باوجود بھی حکمرانوں کے پاس نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار دینے کے بجائے آئس ،ہیروئن اور چرس کا نشہ ہے۔

ا س وقت نوجوان مظلوم ہیں ،نوجوانوں کو مایوسی کی اس دلدل سے نکالنے کیلئے جماعت اسلامی یوتھ نے صوبہ بھر میں نوجوانوں کو منظم کرنے کا فیصلہ کیاہے اور یہ کاروان 14اگست سے جاری رہیگا ۔کاروان 24اضلاع سے گزریگا اور چترال سے شروع ہونیوالا کاروان ڈی آئی خان تک جائیگا جبکہ اختتام پشاور میں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو تبدیلی اور عوام کو ریاست مدینہ کا نعرہ دے کر برسراقتدار آنے والی موجودہ حکومت نے قوم کو بدترین مہنگائی ، بدامنی ، بے روزگاری سے دوچار کردیاہے ۔

اورماضی کی حکومتوں کو چور کہنے والے حکمرانوں نے انہی کے چوروں ، ڈاکوں ،قومی لٹیروں اور مافیاز کو کابینہ اور پارٹی میں شامل کرکے پھر سے قوم کی گردنوں پر سوار کردیاہے جن کی ناقص کارکردگی اور لوٹ مار سے اس وقت پاکستانی عوام تاریخ کے بدترین دور سے گزررہے ہیں۔ جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی رہنمائوں زبیر گوندل اور یوسف خٹک نے کہا کہ پرانے پاکستان میں چینی 55روپے کلو جبکہ نئے اور تبدیلی والے پاکستان میں 110روپے کلو ہے،اس کے علاوہ آٹے ، مرغی اور دیگر قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیاگیاہے۔

عمران خان نے کہا تھا ایک کروڑ نوکریاں دونگا ، پروٹوکول نہیں لونگا، پچاس لاکھ گھر دونگا ، اسکے علاوہ الیکشن مہم کے دوران جتنے بھی وعدے کئے سب وعدوں سے مکر گیا اور قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری کے دلدل میں دھکیل دیا ۔ جماعت اسلامی باجوڑ کے ضلعی آمیر حاجی سردار خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راغگان ڈیم میں خرچ ہونیوالے فنڈز کی تحقیقات کی جائے تاکہ پتہ چلے کہ کتنے پیسے خرچ ہوئے کیونکہ منصوبے کو ادھورا چھوڑ دیاگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کو بھی مایوس کردیاہے۔100ارب سالانہ ، 40ہزار پولیس بھرتیاں اور دیگر تمام وعدوں سے مکرگیا اور قبائلی اضلاع کے عوام کو بے یار ومدد گار چھوڑ دیا۔ اس سے قبل جب جماعت اسلامی یوتھ کا روڈ کاروان انقلاب دیر سے باجوڑ پہنچ گیا توباجوڑ پہنچنے پر صوبائی قائدین کا شاندار استقبال کیاگیا، ہار پہنائے گئے اور قافلہ کے شکل میں خاربازا رلایاگیا۔