Live Updates

سیکرٹریٹ کے نام پر عمران خان وسیب کے عوام کو ایک لولی پوپ دے رہا ہے ،بلاول بھٹو زر داری

پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخواہ کے عوام کو شناخت دی اور پیپلزپارٹی ہی وسیب کے عوام کو ان کا صوبہ دے گی، چیئر مین پیپلز پارٹی

جمعہ 10 ستمبر 2021 21:40

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2021ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیکرٹریٹ کے نام پر عمران خان وسیب کے عوام کو ایک لولی پوپ دے رہا ہے کیونکہ جب اس نے سیکریٹریٹ کا اعلان کیا تو اس سے ظاہر ہوگیا کہ عمران خان کبھی بھی وسیب کے عوام ان کو صوبہ نہیں دینا چاہتاتھا، پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخواہ کے عوام کو شناخت دی اور پیپلزپارٹی ہی وسیب کے عوام کو ان کا صوبہ دے گی اس ضمن میں ہم نے پہلے ہی سینیٹ سے دو تہائی اکثریت سے قانون سازی کی ہوئی ہے۔

یہ بات بہادرپور چوک رحیم یار خان میں وکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ ظالموں کے آگے مذاحمت کی ہے چاہے وہ جنرل یحیٰ ہوں، جنرل ضیائ ہو یا جنرل مشرف۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کو حقوق دلانے کے لئے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ اس وقت ایک اور ظالم ملک پر مسلط ہے جس سے ہر شہری مشکلات کا شکار ہے۔ عمران خان بڑے بڑے دعوے کرکے حکومت میں آیا جیسا کہ ایک کروڑ نوکریں، 50لاکھ گھر اور 90روز میں کرپشن کا خاتمہ۔

یہ سارے دعوے اور وعدے جھوٹے ثابت ہوئے۔ روزگار دینے کی کی بجائے عمران خان نے ہزاروں لاکھوں افراد کو بیروزگار کر دیا ہے اور انکروچمنٹ کے نام پر لوگوں سے ان کی چھت چھین لی ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان کے تین سالہ دور میں پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں منتخب کرا کر ہم نے عمران خان کی قومی اسمبلی میں اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا تھا۔

ہم ابھی بھی اپوزیشن میں اپنے دوستوں سے کہتے ہیں کہ وہ کٹھ پتلی کے کٹھ پتلی عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد لائیں اور اس کے بعد عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست اپنے ووٹ کا استعمال ہی نہیں کرنا چاہتے حالانکہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتے ہیں۔ ہم تو لانگ مارچ کی تیاریاں کر رہے تھے کہ ہمارے دوستوں نے اسے استعفوں کے ساتھ نتھی کر دیا۔

اگر وہ عدم اعتماد نہیں لا سکتے تو اپنی ہی حکمت عملی کے مطابق استعفے دے دیں۔ اب اس کٹھ پتلی وزیراعظم کو ہم جیالوں کی مدد سے بھگائیں گے۔ ہم عوام کو ایک دن کے لئے بھی اس کٹھ پتلی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نظر آرہا ہے کہ جیالے عمران خان کو بھگانے کے لئے تیار ہیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وعدوں کی تکمیل اور خوابوں کی تعبیر کے لئے عوامی راج قائم کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یارخان کے دورے کے دوران مصروف دن گزارا۔ پارٹی رہنما?ں کے گھروں پر جا کر ان سے ان کے رشتے دارو ں کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رانجھے خان اسٹیٹ میں سردار محمد رانجھے خان گوپانگ ان سے ان کی قریبی عزیزہ سرداردریا خان فیض کی اہلیہ اور حبیب الرحمن گوپانگ سے بھی تعزیت کی اور مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر مخدوم احمد محمود، سید یوسف رضا گیلانی، نوابزادہ افتخار احمد خان ، حیدر زمان قریشی اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بلاول بھٹو زرداری کے آمد پر رانجھے خان اسٹیٹ آمد پر سردار انور زمان گوپانگ ، سردار محبوب خان گوپانگ، لال بخش خان گوپانگ، غلام عباس گوپانگ، انور خان گوپانگ، یونس خان گوپانگ اور ظہور احمد خان گوپانگ بھی موجود تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے پیپلزپارٹی رحیم یارخان کے جنرل سیکریٹری چودھری جہانزیب رشید سے ان کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے پیپلزپارٹی رحیم یارخان کے جنرل سیکریٹری رئیس محمددین ورند اور پارٹی کے بانی کارکن انور ہاشمی کے لواحقین سے بھی تعزیت کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے پیپلزپارٹی رحیم یار خان کے سابق صدر شاہد چوہان اور پارٹی کے بانی کارکن صابر بھولا، پیپلزپارٹی لیاقت پور کے سابق جنرل سیکریٹری سید تصور حسین اور صادق آباد کے سینئر نائب صدر ماسٹر سرور جاوید کے لواحقین سے بھی تعزیت کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات