13سال سے سندھ میں نسلی بنیاد پر حکومت چلائی جا رہی ہے،مصطفی کمال

کراچی میں اربوں روپے کا پانی چوری ہوتا ہے،ہم الیکشن کے دنوں کے لیے کام نہیں کر رہے،سربراہ پی ایس پی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 ستمبر 2021 17:42

13سال سے سندھ میں نسلی بنیاد پر حکومت چلائی جا رہی ہے،مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی)کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں اربوں روپے کا پانی چوری ہوتا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ سرجانی سے ڈیفنس تک لوگ پانی خرید کر پی رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے، ڈالر کہاں سے کہاں چلا گیا ہے، حکومت ان حالات میں اپنی نا اہلی ظاہر کر رہی ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ 13 سال سے سندھ میں نسلی بنیاد پر حکومت چلائی جا رہی ہے، 10 اکتوبر کو لیاقت آباد میں جلسہ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ہم الیکشن کے دنوں کے لیے کام نہیں کر رہے، روزانہ کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا کچرا نہیں اٹھ رہا، گیس اور بجلی بھی بند ہے، کراچی جیسے شہر کا یہ حال ہے، کسی گاوں دیہات کی بات نہیں کر رہے۔