ہندوستان کے ہاتھ کشمیریوں کے مقدس خون سے رنگے ہوئے ہیں‘نعیم خان ایڈووکیٹ

اتوار 19 ستمبر 2021 16:10

مظفرآباد/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) معروف قانون دان سیاسی و سماجی رہنماء نعیم خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہندوستان ایک انتہاء پسند ریاست ہے جو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ ہندوستان کے ہاتھ کشمیریوں کے مقدس خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کے لیے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں اورآئے روز قربانیوں کی داستان رقم کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانا ناگزیر ہے۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمدکیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور سلامتی کے لئے ناگزیر ہے کہ ہندوستان کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کے لئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ استصواب رائے کے انعقاد کا وعدہ پورا کرے۔