جمہوری نظام کو مضبوط کرنے اور قائد اعظم کے خواب کی تعبیر کے لیے ہمیں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، میاں محمد شہباز شریف

سردار عطااللہ مینگل کی جمہوریت، آئین کی پاسداری کے لیے گراں قدر خدمات ہیں ،انہیں تاریخ سنہرے انداز میں یاد رکھے گی تمام عمر پاکستان میں آئین کا بول بالا، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی، اختر مینگل کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 19 ستمبر 2021 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو مضبوط کرنے اور قائد اعظم کے خواب کی تعبیر کے لیے ہمیں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔اتوارکو میاں محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ کراچی میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)کے سربراہ اختر مینگل کی رہائش گاہ پہنچے اور مرحوم سردار عطا اللہ مینگل کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔

تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سردار عطااللہ مینگل کی تعزیت کے لیے یہاں حاضر ہوا، جن کی جمہوریت، آئین کی پاسداری کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور تمام عمر پاکستان میں آئین کا بول بالا، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عطااللہ مینگل کو تاریخ سنہرے انداز میں یاد رکھے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ آئین کی وہ شق جس کو 58 ٹو بی کے نام سے یاد رکھا جاتا تھا، اس شق نے کئی جمہوری حکومتوں کا بوریا بستر گول کردیا تھا تاہم اس شق کے خاتمے کے لیے عطااللہ مینگل کا کلیدی کردار تھا، بلوچ رہنمائوں کو اس پر قائل کرنے کے لیے انہوں نے متحرک کردار ادا کیا، جس کا میں عینی شاہد ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 1997میں یہ 58 ٹوبی کا خاتمہ ہوا تو تاریخ کے اوراق میں یہ بات بھی یاد رکھی جائے گی کہ بلوچستان سے مرحوم سردار عطااللہ مینگل نہ صرف خود اس شق کے خاتمے کے قائل تھے بلکہ اپنے ساتھیوں کو بھی تیار کیا۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ جمہوریت کا سفر، پاکستانیت اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی ہے، جو ملک کو آگے لے کر جاسکتی ہے اور یہی قائد اعظم کا خواب تھا، اس کے لیے ہم سب کو کام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے صحافیوں کے سوالوں پر کہا کہ ہمیں تمام صوبوں کا احترام کرنا ہوگا، وہاں کے عوام تک ان کے وسائل پہنچانے ہوں گے، جمہوری نظام کو فروغ دینے اور جمہوریت کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جبکہ آبادی کے مطابق سب سے چھوٹا صوبہ ہے لیکن اس کی محرومیاں اور فاصلے دیکھیں۔

بلوچستان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں پر پانی کا مسئلہ ہے، بجلی کا مسئلہ ہے، اگر ہم نے قائداعظم کے خواب کی تعبیر کرنی ہے تو سب صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں تمام صوبوں کو معاشی، معاشرتی، قانونی، سیاسی لحاظ سے ہر ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ سردار اختر مینگل اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سربراہ نواز شریف کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور ان کے لیے احترام ہے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا عطاء اللہ مینگل سے بھی اچھا تعلق رہاہے۔شہباز شریف کے ہمراہ احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگ زیب ،رانا مشہود اورعطا تارڑ تھے ۔اس موقع پر سردار اختر مینگل نے کہا کہ اہل خانہ اور پارٹی کی طرف سے سب کا مشکور ہوں ہمارے غم میں شریک ہوئے۔قبل ازیں مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر لاہور سے کراچی پہنچے ۔کراچی ایئر پورٹ پر میاں شہباز شریف کا استقبال بڑی تعداد میں مسلم لیگ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے کیا۔