سپیکر پنجاب اسمبلی سے آزاد جموں وکشمیر کے صد ر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی ملاقات

پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کوشاں ہے اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہاہے‘پرویز الٰہی ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے‘بیرسٹر سلطان محمود چودھری

منگل 21 ستمبر 2021 17:15

سپیکر پنجاب اسمبلی سے آزاد جموں وکشمیر کے صد ر بیرسٹر سلطان محمود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے آزاد جموں وکشمیر کے صد ر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ آزاد جموں وکشمیر کے 05 رکنی پارلیمانی وفد میں ڈپٹی سپیکر ریاض گجرکے علاوہ قانون ساز اسمبلی کے ایم ایل ایز دیوان غلام محی الدین اور حافظ حامد رضاء شامل تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی اور خاص طور پر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کوشاں ہے اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حصول آزادی کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہیں بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت،تعلیم اور دہشت گردی جیسے مسائل پر اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر ی عوام بھارت کے پنجہء استبداد سے نجات حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیرکی موجودہ حکومت کشمیر کاز کو حل کرنے میں مد دگار ثابت ہو گی اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔

سپیکر نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ74 سال گزرنے کے باوجود استصواب رائے سے پہلوتہی کر کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہے۔ کشمیر یوںکی تیسری نسل غلامی کی زنجیروں سے آزادی کے لیے جدوجہدکرتے ہوئے جوان ہوگئی ہے۔ ایک لاکھ سے زائد کشمیر ی جوان شہید ہو چکے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھر ی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے فنگشنل ہونے پر مبارک باد اور ایوان کو قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین کرنے پر چودھری پرویز الٰہی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔بعد ازاں سپیکرپنجاب اسمبلی نے صدر آزاد جموں و کشمیرکوپنجاب اسمبلی کے نئے ایوان اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کر وایا۔