ایف آئی اے نوازشریف کی کورونا ویکسین کی جعلی انٹری پر متحرک ہوگئی

ایف آئی اے کی ٹیم نے ہسپتال کے عملے کے بیان لے کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا، ہسپتال کے 2 اہلکاروں نے سسٹم میں ویکسین کا جعلی اندراج کیا۔ انچارج ایف آئی اے لاہور سرکل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 ستمبر 2021 19:03

ایف آئی اے نوازشریف کی کورونا ویکسین کی جعلی انٹری پر متحرک ہوگئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2021ء) سابق وزیراعظم نوازشریف کی کورونا ویکسین کی جعلی انٹری پر ایف آئی اے متحرک ہوگئی ہے، ایف آئی اے کی ٹیم نے ہسپتال کے عملے کے بیان لے کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا ، انچارج ایف آئی اے لاہور سرکل کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے 2 اہلکاروں نے سسٹم میں ویکسین کا جعلی اندراج کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی کورونا ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے پر ایف آئی اے متحرک ہوگئی ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم نے محکمہ صحت کی درخواست پر  انکوائری شروع کردی ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا دورہ کیا، ایف آئی اے کی ٹیم نے ہسپتال کے عملے کے بیان لے کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔  انچارج ایف آئی اے لاہور سرکل کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے 2 اہلکاروں نے سسٹم میں ویکسین کا جعلی اندراج کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل معلوم ہوا تھا کہ نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا ویکسین کا جعلی اندراج کروانے والے کا پتا چل گیا ہے، ویکسی نیشن کا جعلی اندراج نوید نامی شخص نے کرایا، اندراج کرانے والا شخص بیرون ملک مقیم ہے، نوید نامی شخص نے نوازشریف کا شناختی کارڈ نمبر واٹس ایپ پر بھیجا اور ہسپتال ملازم عادل کو اپنے والد کی بیماری کا بتایا جس پر ان کی ویکسین کا اندراج کرلیا گیا۔

ملازمین نے شناختی کارڈ کی تفصیلات چیک ہی نہیں کیں بلکہ بغیر تصدیق اندراج کردیا، نوید نامی شخص کچھ عرصہ قبل لاہور میں مقیم تھا، نوید نے مقامی ہسپتال میں ذاتی تعلقات کو استعمال کرکے کورونا ویکسین کا اندراج کروایا۔ چیئرمین نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی اور وفاقی وزیر اسد عمر نے اس سے متعلق اپنے مئوقف میں کہا کہ نوازشریف کے جعلی ویکسین سرٹیفیکٹ کا علم نہیں، نوازشریف کی زیادہ شہرت جعلی کاموں کی رہی ہے، عین ممکن ہے نوازشریف نے جعلی ویکسین کرالی ہو، نوازشریف کی ماضی میں کیلبری فونٹ اور جعلی پلیٹ لیٹس کی رپورٹ بھی جعلی تھیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد سابق وزیراعظم نوازشریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسی نیشن سے متعلق خبر کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی باقی چیزوں کی طرح ویکسی نیشن ریکارڈ بھی جعلی ہے، تشویش ہےکہ عالمی برداری برہمی کا اظہار کرے گی۔