مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج پیالی میں طوفان ہے، اسد عمر

مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں آئی ہے،اپوزیشن کی جانب سے حکومت گرانے کی باتیں چھٹی مرتبہ ہو رہی ہیں، پریس کانفرنس

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 20:14

مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج پیالی میں طوفان ہے، اسد عمر
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر اسد عمر نے مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج کو پیالی میں طوفان قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت گرانے کی باتیں چھٹی مرتبہ ہو رہی ہیں۔ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں آئی ہی پاکستان کو غیر مستحکم کرنا بھارت کی اعلانیہ پالیسی ہے ۔واشنگٹن میں پاکستانی سفارتحانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں ، دنیا بھر میں ہے پچھلی حکومت کی بہ نسبت سی پیک پر ہماری حکومت میں تیزی سے کام ہوا، زراعت سی پیک کا حصہ نہیں تھا،ہم نے شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ترقیاتی اخراجات 100 فیصد ہوئے،پچھلے سال ترقیاتی بجٹ 600 ارب روپے تھا، اخراجات زیادہ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 2 سے 3 ماہ میں 200 ارب روپے کے پروجیکٹس کی منظوری دی،سرمایہ کاری میں تیزی کے لیے کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت سے پاکستانی نژاد امریکی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور ہم سرمایہ کاری میں تیزی کیلئے کام کررہے ہیں۔

افغانستان کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، افغانستان میں پائیدار استحکام شمولیتی حکومت سے ہی آئے گا۔ ہم بھی افغانستان میں شمولیتی حکومت کے خواہش مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے دو سپر پاورز نے افغانستان میں قبضہ کیا،40 سالہ افغان جنگ سے پڑوسی ممالک کو بھی نقصان پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی میں افغانستان کو چھوڑ کر غلطی کی گئی،امید ہے افغانستان پر دنیا 90 کی دہائی کی غلطی نہیں دہرائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے ابتدائی اشارے مثبت آئے ہیں، افغانستان میں کوئی ایک فریق بزور شمشیر حکومت چلانے کی کوشش نہ کرے۔بھارت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا بھارت کی اعلانیہ پالیسی ہے،بھارت بلوچستان کو غیر مستحکم کرنیکی کوششیں کرتا ہے۔