علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعدد مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ

مختلف فضائی کمپنیوں کی پروازیں طیاروں کی کمی اور آپریشنل وجوہات کے سبب منسوخ کی گئی ہیں۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 14:31

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعدد مقامی اور بین الاقوامی پروازیں ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعدد مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پروازیں طیاروں کی کمی اور آپریشنل وجوہات کے سبب منسوخ کی گئی ہیں ، جن میں پی آئی اے کی لاہور سے دبئی دو طرفہ پرواز 203/204 منسوخ کی گئی ہے ، پی آئی اے کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز313 بھی منسوخ ہوگئی۔

اسی طرح ایئر بلیو کی لاہور سے دبئی دو طرفہ پرواز 416/417 کے علاوہ ایئر بلیو کی ہی لاہور سے کراچی دو طرفہ پرواز 403/404 بھی منسوخ کی گئی ہے جب کہ قطر ایئر ویز کی لاہور سے قطر دو طرفہ پرواز 628/629 کردی گئی ، سیرین ایئر لائن کی لاہور سے راست الخیمہ جانے والی پرواز 4725 بھی منسوخ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایئر بلیو کی لاہور سے کراچی دو طرفہ پرواز 407/408 اور پی آئی اے کی شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 186 بھی منسوخ کی گئی ہے ، سیرین ایئر لائن کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز 520 اور پی آئی اے کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز 304 بھی منسوخ ہوگئی ہے۔

دوسری طرف وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پاکستان سے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں ، مسافروں کی سہولت اور پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے مہنگی ٹکٹوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جلد ہی اضافی پروازیں متعارف کرائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا زرمبادلہ بھیجا ، ہماری معیشت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقم کی بدولت کھڑی ہے ، اسی لیے پاکستانی حکومت نے متحدہ عرب امارات اور دنیا بھر میں مقیم اوورسیز شہریوں کی مدد کی ، اب بیرون ملک مقیم پاکستانی وراثت کا کوئی بھی تنازع اب آن لائن حل کر سکتے ہیں ، جس پر ہمیں کمیونٹی کی طرف سے بہت اچھا ریسپانس مل رہا ہے کیوں کہ اس سے ان کے وقت اور پیسے کی بچت ہو رہی ہے۔