پاکستان کے بالائی علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری

کالام اور با بو سر میں درجہ حرارت منفی 2تک پہنچ گیا، خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں صبح سے ہی بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم سرد ہو گیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 24 اکتوبر 2021 18:47

پاکستان کے بالائی علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری
کالام (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 24اکتوبر 2021) پاکستان کے بالائی علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری، کالام اور با بو سر میں درجہ حرارت منفی 2تک پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بالائی علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹھنڈی ہواوں نے موسم کا رخ بدل دیا۔راولپنڈی ،اسلام آباد ، پشاور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔

ٹھنڈی ہوائیں چلنے سےموسم سرد ہو گیا۔خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں صبح سے ہی بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے ۔ مردان ، لوئر دیر، شانگلہ اور پنڈی گھیب میں بھی بادل برسنےسے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔سوات ، مینگورہ ، مالم جبہ سمیت مختلف بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کاسلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہونے لگا۔

کالام ، با بو سر منفی02، اوراستور میں 01 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم خشک جبکہ پہا ڑی علا قوں میں سرد رہے گا۔تا ہم گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہا ڑی علا قوں میں چند مقامات پر تیز ہوا وں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپا نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔ جبکہ دارالحکومت مظفر آباد، بھمبر، سماہنی، باغ اور نکیال سمیت مختلف شہروں میں صبح سویرے ہونے والی ہلکی او رتیز بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے.محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا کے مخلتف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کل بھی برف کے گالے اترتے رہیں گے۔

سرد ہواوں سے موسم مزید سرد ہونے کی توقع ہے۔دوسری جانب چلاس میں برفباری کے باعث بالائی مقامات میں رہائش پذیر شہریوں کے لئے مشکلات کا سامنا ہے۔سیاحتی مقام گیٹی داس کے قریب مسافر گاڑیاں پھنس گئیں ہیں ۔ پھنسے افراد کی ریسکیو کے لئے دیامر پولیس اور ریسکیو 1122 دیامر کی ٹیمیں بابوسر ٹاپ پہنچ گئیں ہیں۔