وفاق اور پنجاب حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اتحادی جماعتیں بھی حکومت کیساتھ کھڑی ہیں ‘محمد سرور

بھارت میں مسلمانوں پرمظالم کی انتہا کی جا رہی ہے بے گناہ کشمیر یوں کو بھی بھارتی فورسز دن دیہاڑے قتل کر رہی ہے‘گورنرپنجاب

جمعرات 28 اکتوبر 2021 22:05

وفاق اور پنجاب حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اتحادی جماعتیں بھی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اتحادی جماعتیں بھی حکومت کیساتھ کھڑی ہیں ،امن وامان یقینی بنانا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے جو یقینی طور پرپوری کی جائے گی،نر یندر مودی کی قیادت میں بھارت میں مسلمانوں پرمظالم کی انتہا کی جا رہی ہے بے گناہ کشمیر یوں کو بھی بھارتی فورسز دن دیہاڑے قتل کر رہی ہے مگر اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جو سب کے لیے لمحہ فکر یہ ہے ۔

وہ جمعرات کے روز الحمرا ہال لاہور میں سینئر کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفر نس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پہلی بار حکومت کے خلاف احتجاج نہیں کر رہیں اس سے پہلے بھی مولانا فضل الر حمن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں مارچ اور احتجاج کرچکیں ہیں مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوئیں اب بھی وفاقی اور پنجاب حکومت کو اپوزیشن کے کسی بھی عمل سے کوئی خطر ہ نہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک اتحادی جماعتوں کا تعلق ہے تو (ق)لیگ سمیت دیگر اتحادی جماعتیں حکومت کیساتھ ہیں اور کسی بھی جماعت نے حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی بات نہیں کی ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں ملکی اور عوامی مفادات کی بجائے ذاتی اور سیاسی مفادات کو تر جیح دیتی ہیں اس لیے اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کے معاملے پربھی رکاوٹیں ڈال رہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ملک میں انتخابی اصلاحات ضروری ہیں جس کے لیے اپوزیشن کو بھی یقینی طو رپر اپنا کردار ادا کر نا ہوگا ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ یہ بات سو فیصد درست ہے کہ نر یندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جرائم میںمسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کیساتھ ساتھ بھارت کی پولیس اور دیگر ادارے بھی مسلمانوں کو نشانہ بنانیوالی دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں اور کشمیر میں بھی بھارت جو دہشت گردی کر رہا ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ یقینی طور پر اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ چوہدری محمدسرور نے تقر یب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر اجمل نیازی کی خدمات کو زبر دست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اجمل نیازی ہمیشہ ملک وقوم کے مفادات کو سامنے رکھ کرہی لکھتے رہے ہیں ان کی شعبہ صحافت اور عوامی مسائل کو اجاگر کر نے کیلئے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی پر لازم ہے کہ وہ ملک وقوم کی ترقی، خوشحالی ،امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کر ے کیونکہ مضبوط پاکستان ہی ہر پاکستانی کی مضبوطی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جب سیاست اور صحافت سمیت ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ ایمانداری سے اپنا کام کر یں گے تو یقینی طور پر پاکستان کو آگے بڑھنے سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکے گی ۔