Live Updates

سندھ حکومت نے گندم بحران کے متعلق وفاقی حکومت کے الزامات رد کردیے

وفاقی حکومت کی نظر سندھ کی گندم پر ہے، پی ٹی آئی کے نااہل چاہتے ہیں کہ ہم ان سے وہ گندم خریدیں:صوبائی وزیر اسماعیل راہو

جمعرات 11 نومبر 2021 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 نومبر2021ء) سندھ حکومت نے صوبے میں گندم بحران کے متعلق وفاقی حکومت کے الزامات رد کردیے۔ صوبائی وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی نظر سندھ کی گندم پر ہے، پی ٹی آئی کے نااہل چاہتے ہیں کہ ہم ان سے وہ گندم خریدیں جو انہوں نے مہنگی باہر سے منگوائی ہے۔ اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے پاس صوبے کی ضرورت کے مطابق گندم کے ذخائر موجود ہیں، بتایا جائے کہ سندھ حکومت کی وجہ سے پنجاب، کے پی اور اسلام آباد میں کیسے آٹا مہنگا ہوگیا وہاں تو ہماری حکومت ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی وزراء ہر وقت جھوٹ بولتے ہیں اور اعداد و شمارجھوٹے بتائے جارہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت اپنے ملک کی گندم باہرسے ایکسپورٹ کرکے ناقص گندم درآمد کرکے پنجاب کی عوام کو کھلارہی ہے۔

(جاری ہے)

اسماعیل راہو نے کہا کہ اس درآمد شدہ ناقص گندم پے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے، اگر پنجاب کے پاس گندم کے ذخائر موجود ہیں تو پھر گندم درآمد کیوں کی جارہی ہے، عمران خان حکومت پینڈورا لیکس میں ملوث وزراء کو بچانے کیلیے قوم کا دھیان ہٹانا چاہتی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آٹا مہنگا سندھ میں نہیں بلکہ پنجاب میں ہے، پنجاب حکومت نے ابھی تک گندم فلورملز کو ریلیز ہی نہیں کی ہے۔ اسماعیل راہو نے پی ٹی آئی حکومت سے سوال کیا کہ کیا ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار بھی سندھ حکومت ہے، پہلے لاکھوں ٹن گندم افغانستان سمگل کروا کے پی ٹی آئی حکومت نے مال بنایا اب پھر سے مہنگی ناقص گندم امپورٹ کرکے مال بنایا جارہا ہے، قوم کے پیسوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ سے مہنگی چینی اور ایل این جی خرید کرکرپشن کس نے کی، اب پی ٹی آئی حکومت نے گندم خریداری کے ٹینڈر جاری کیے ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ گندم کی اس خریداری میں کتنے ارب روپے کی دیہاڑی لگائی جاتی ہے۔#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات