مودی سرکار کی جانب سے جیلوں میں بند کشمیری خواتین پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،شہریار آفریدی

جمعرات 25 نومبر 2021 16:28

مودی سرکار کی جانب سے جیلوں میں بند کشمیری خواتین پر ظلم و ستم کے پہاڑ ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2021ء) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی جانب سے جیلوں میں بند کشمیری خواتین پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،کشمیری خواتین کو بھارت ہتھیار کے طور پر استعمال کررہاہے،ہماری بیٹیاں ہمارا فخر اور ملک کے روشن مستقبل کی ضامن ہیں،جلد واشنگٹن یونیورسٹی کے ساتھ فاطمہ جناح کا کلچرل ایکسچینج پر ایم او یو سائن کرائیں گے،دنیا بھر میں خواتین کو تشدد کا سامنا رہتاہے مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو بااختیار بنارہی ہے تاکہ خواتین اپنادفاع کرسکیں۔

ان خیالات کااظہارشہریار آفریدی نے جمعرات کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر صائمہ حمید، فیکلٹی ممبران اورطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔شہریارآفریدی نےکہا کہ بھارت بھی کشمیریوں کی سوچ بدلنا چاہتا ہے۔

بھارت کشمیر کی ماؤں بہنوں پر تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ آزادی کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے جیلوں میں بند کشمیری خواتین پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، بھارت اپنے مقصد میں کبھی  کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کو تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر ہماری حکومت خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لارہی ہے  اورانہیں بااختیار بنا کر تشدد سے بچانے میں مدد ملے گی۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ سول سوسائٹی کے تعاون کے بغیر مسئلہ کشمیر کاحل ممکن نہیں ہے،انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے کینیڈا اور امریکہ میں بھی اپنی ٹیموں کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھرپور آواز اٹھائی،یونیورسٹی کے طالبات نے شہریار آفریدی سے مسئلہ کشمیر پر مختلف سوالات پوچھے جس پر انہوں نے جامعہ کی طالبات کو  کشمیر کے مسئلہ پرتفصیلی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر لابنگ کی جارہی ہے جس کے تحت مودی سرکار کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جائے گا۔فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر صائمہ حمید نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں کشمیری خواتین کے حقوق اوران کےتحفظ کے لیے آواز اٹھانے کے لیے سماجی زمہ داری اداکررہے ہیں اورمسئلہ کشمیر کو سارا سال زندہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اورخواتین پر تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن کو موقع پر چیئرمین کشمیر کمیٹی کو مدعو کرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ کشمیری خواتین پر ہونے والے تشدد کو دنیا کے سامنے لایا جائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے لانے کی بہت ضرورت ہے اور فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بہت سنجیدہ ہے انہوں نے کشمیری خواتین پر بھارتی تشدد کی مذمت کی۔