Live Updates

سعودی حکومت نے تمام ممالک سے مسافروں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت دے دی

4 دسمبر سے کرونا کی صرف ایک ڈوز لگوانے والے غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 27 نومبر 2021 23:33

سعودی حکومت نے تمام ممالک سے مسافروں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 نومبر 2021ء ) سعودی حکومت نے تمام ممالک سے مسافروں کو مملکت آمد کی اجازت دے دی۔ عرب نیوز کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کو روکنے کیلئے عائد سفری پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی حکومت نے آئندہ ماہ سے پوری دنیا سے مسافروں کو مملکت آمد کی اجازت دے دی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 4 دسمبر سے کرونا کی صرف ایک ڈوز لگوانے والے غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی، تاہم ایسے افراد کو مملکت میں داخل ہونے کے بعد 3 روز کا قرنطینہ بھی اختیار کرنا ہو گا۔ یہاں یاد رہے کہ سعودی حکومت نے 2 روز قبل پاکستان سمیت 6 ممالک پر کئی ماہ سے عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت داخلہ کے حکام نے اعلان کیا کہ پاکستان، انڈونیشیا، بھارت، مصر، برازیل اور ویت نام کے شہریوں کو یکم دسمبر سے سعودی عرب براہ راست آمد کی اجازت ہو گی۔ سعودی حکومت نے براہ راست مملکت آنے والے غیر ملکیوں کیلئے شرائط بھی جاری کیں۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یکم دسمبر سے پاکستان سمیت 6 ممالک سے براہ راست سعودی عرب آنے والے مسافروں کو سعودی حکومت کی منظور شدہ کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانا ہو گی، جبکہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد 5 دن کے قرنطینہ میں بھی رہنا پڑے گا۔

اس کے علاوہ مسافروں کو سعودی عرب روانگی سے 72 گھنٹے قبل کروائے گئے کرونا پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ بھی دکھانا ہو گی۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو گئی ہے، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے۔ کرونا وائرس کی بھارتی قسم کے پھیلاو کی وجہ سے سعودی حکومت نے پاکستان سے سعودی عرب مسافروں کی براہ راست آمد پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔

صرف ان افراد کو براہ راست سعودی عرب سفر کرنے کی اجازت تھی، جو سعودی عرب میں سعودی حکومت کی منظورہ شدہ ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے کے بعد بیرون ملک گئے۔ جبکہ وہ افراد جو پابندی والے ممالک سے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ سہولت موجود تھی کہ وہ مملکت آنے سے قبل 14 دن کسی ایسے ملک میں قیام کریں جہاں سے مسافروں کے آنے پرپابندی نہیں ہےـ یہاں یاد رہے سعودی حکومت نے کرونا کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاو کی وجہ سے کئی ماہ قبل پاکستان کے علاوہ بھارت، ترکی، انڈونیشیا، مصر، برازیل، ایتھوپیا، ویتنام، افغانستان اور لبنان سے بھی مسافروں کی براہ راست سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اس پابندی کے باعث پاکستان چھٹی پر آئے ہزاروں محنت کش پاکستانی سعودی اقامہ ہولڈرز اپنا روزگار چھن جانے کے خدشات سے دوچار تھے۔
Live کرونا کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلاو سے متعلق تازہ ترین معلومات
>